جنوبی پنجاب کے تمام اہم ریلوے اسٹیشنوں پر ایئر کنڈیشنڈ انتظارگاہوں کی تعمیر مکمل، افتتاح جلد ہوگا

بدھ 25 اپریل 2018 15:20

ملتان۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان ریلویز نے ملتان ڈویژن کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کیلئے انتظارگاہوں میں ایئرکنڈیشنر اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے، ان میں سے زیادہ تر ریلوے اسٹیشن جنوبی پنجاب میں واقع ہیں، ان ریلوے اسٹیشنوں پر ایئر کنڈیشنڈ انتظارگاہوں کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد ان کا افتتاح کر دیا جائیگا، ہرانتظارگاہ میں ایئر کنڈیشنر کے علاوہ ٹی وی ، وائی فائی ، موبائل چارجر اور سکیورٹی کیمرے نصب کئے جائیں گے، ڈویژنل کمرشل آفیسر پاکستان ریلویز ملتان نبیلہ اسلم نے اے پی پی کوبتایا کہ ملتان ، خانیوال، بہاولپور، ساہیوال، ڈیرہ غازیخان اور بھکر میں مسافروں کیلئے بڑے ایئرکنڈیشنڈ ہال تیارہوچکے ہیں ، انہوں نے کہاکہ ریلوے کی جانب سے مسافروں کوہرممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ملتان ریلوے اسٹیشن سے روزانہ اوسطاً 10ہزار مسافر سفر کرتے ہیں، ملتان ریلوے اسٹیشن کی روزانہ آمدنی 22سے 28لاکھ روپے کے درمیان ہے، ایئر کنڈیشنڈ انتظارگاہوں کے افتتاح کے بعد یقیناً اس آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا، انہوں نے بتایا کہ جدید سہولتوں والی انتظارگاہوں کی افتتاحی تقریب کے بارے میں حتمی فیصلہ 28اپریل کو ریلوے افسران کے اجلاس کے دوران کیا جائیگا۔