سیاحوں کو ویزوں کے اجرا کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں ، اداکاروں اور گلوکار کی سعودی عرب آمد

بدھ 25 اپریل 2018 13:04

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) سعودی حکومت کی جانب سے سیاحوں کو ویزے کے اجراکے بعد دنیا بھر کے لوگ سعودی عرب کا رخ کرنا شروع ہو گئے ہیں۔ سعودی اخبار کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی اداکار جیسن موموا نے سعودی عرب کا دورہ کیا جبکہ معروف مصری باکسر مادا عبدالحمید بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے ریاض میں "موموا ٰ" کے ساتھ اپنی تصویر انسٹاگرام پر جاری کی جس میں ان کے سامنے "شاہی ڈش مظبی" کا تھال رکھا ہے۔

جیان کارلو اسپاستو کومک کون عربیہ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے مملکت آئے۔ جنادریہ میلے میں بھی شریک ہوئے،جیزانی تلواروں کا رقص دیکھا اور اس میں حصہ بھی لیا۔ انھوں نے جدہ دیکھنے کے لئے بے تابی کا اظہار کیا ہے۔اس سے قبل بین الاقوامی باکسر مارک ہنری نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جبکہ مائیک ٹائی سن اسلام قبول کرنے کے بعد عمرے کیلئے آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہاں سے واپسی کے بعد ٹوئٹ کیا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے عمرے سے نوازا دعا ہے میں زندگی بھر صراط مستقیم پر چلتا رہوں۔ ٹائی سن نے اسلام قبول کر کے اپنا نام بلال رکھ لیا ہے۔ معروف امریکی اداکار این سومر ہیلڈر نے جدہ پہنچنے پر ٹویٹ کیا کہ یہ سحر آفریں شہر ہے۔ یہاں لوگوں سے مل کر مجھے بہت خوشی مل رہی ہے۔ فرانس کے فٹبال کے کھلاڑی "بول بوجبا"نے حرم مکی میں احرام کی حالت میں خانہ کعبہ کے سامنے اپنی تصویر انسٹاگرام پر جاری کرتے ہوئے تحریر کیا کہ میں نے زندگی میں خانہ کعبہ سے زیادہ خوبصورت عمارت نہیں دیکھی۔

60لاکھ سے زیادہ افراد اس تصویر کو لائیک کر چکے ہیں۔ موگو ریولی ریسلر ماہ اپریل میں سعودی عرب آئے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر تحریر کیا کہ سعودی عوام نے مجھے اپنے بڑے خاندان کا فرد ہونے کا احساس دیا۔ امریکی اداکار او رگلوکار ٹوبی کیتھ نے ایک تقریب میں گٹار بجانے والے سعودی رابح صقر کے ہمراہ گانا گایا۔ یہ مملکت میں امریکی صدر ٹرمپ کے دورے کے استقبالیہ کا حصہ تھا۔ کیتھ نے اپنے ٹوئٹ میں تحریر کیا کہ میں سعودی عرب میں گانا گا کر تاریخ رقم کرنا چاہتا تھا۔