شہریوں کو صحت ، تعلیم اور انصاف فراہم کیے بغیر ترقی یافتہ ملک نہیں بنا جا سکتا ‘بشریٰ انصاری

جب تک شہری اپنی ذمے داریاں بخوبی انداز میں ادا نہیں کرتے اس وقت تک کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا

بدھ 25 اپریل 2018 12:53

شہریوں کو صحت ، تعلیم اور انصاف فراہم کیے بغیر ترقی یافتہ ملک نہیں بنا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں شہری بنیادی جز ہوتے ہیں ،جب تک شہری اپنی ذمے داریاں بخوبی انداز میں ادا نہیں کرتے اس وقت تک کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آزادی حاصل کیے ستر سال کا عرصہ گزر چکا ہے ، ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہیں اور ہم ترقی میں ان سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر کام حکومت پر چھوڑ دینا نادانی ہے ، ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت چھوٹے چھوٹے پراجیکٹ بنانے چاہئیں اور خاص طور پر مخیر حضرات کو تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں آگے بڑھ کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ گاڑیاں ، موبائل فونز کی بھرمار اور اونچی اونچی بلڈنگیں کسی ملک کی ترقی کا پیمانہ نہیں ہوتیں جب تک اس ملک کے شہریوں کو صحت ، تعلیم انصاف اور خالص غذاء کے ساتھ پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہو گا اس وقت ہم اس کو ترقی یافتہ ملک نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میری اپنے ملک کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ تنقید کو چھوڑ کر صرف اپنی اصلاح پر توجہ دیں تو معاشرے میں خود بخود سدھار آتا جائے گا ۔