امیتابھ بچن پر تنقید کرنے پر پوجا بھٹ سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر آگئی

امیتابھ کے علاوہ پوری بھارتی انڈسٹری نے آصفہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا جس پر پوجا نے امیتابھ پر تنقید کی تھی

بدھ 25 اپریل 2018 11:46

امیتابھ بچن پر تنقید کرنے پر پوجا بھٹ سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر ..
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) اداکارہ پوجا بھٹ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن پر تنقید کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر آگئیں۔مقبوضہ کشمیر میں 8 سالہ ننھی آصفہ کے ساتھ زیادتی اور بہیمانہ قتل پر جہاں پوری بھارتی انڈسٹری آصفہ کیساتھ اظہار یکجہتی اور انصاف کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی تھی وہیں حیرت انگیز طور پر اداکار امیتابھ بچن نے اس معاملے پر کچھ بھی کہنے سے گریز کیا تھا، صحافیوں کی جانب سے جب ان سے اس سلسلے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے ناگواری کا اظہار کیا تھا۔

ان کے اس طرز عمل پر انہیں بھارتی میڈیا سمیت متعدد اداکاروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔اداکارہ پوجا بھٹ نے بھی امیتابھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا ’مجھے فلم پنک کی یاد آرہی ہے، کیا اسکرین پر ہماری جو تصویر پیش کی جاتی ہے حقیقت میں بھی ہم ویسے ہی ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

امیتابھ کے مداحوں کو پوجا بھٹ کا یہ ٹوئٹ پسند نہیں آیا اور انہیں امیتابھ کے مخالف ٹویٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے’’شرابی‘‘کا طعنہ دیا گیا۔

ایک صارف نے لکھا پوجا بھٹ دراصل امیتابھ بچن کے نام پر سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔اس ٹوئٹ کے جواب میں پوجا بھٹ نے ایک اور ٹوئٹ کیا کہ میں شراب نوشی چھوڑ چکی ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے،ایک ایسا ملک جہاں کے لوگوں کو یہ بات معلوم ہی نہیں ہے کہ شراب نوشی ایک بڑا مسئلہ ہے، وہاں مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ میں اس لت سے چھٹکارہ حاصل کر چکی ہوں۔واضح رہے کہ رواں ماہ مقبوضہ کشمیر میں زیادتی و قتل کا شکار ہونے والی ننھی آصفہ کے لیے آواز اٹھانے پر اداکارہ کرینہ کپور خان کو بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔