ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ خیبر پختونخوا کا کھلابٹ ٹائون شپ ٹائپ سی ہسپتال کا دورہ

بدھ 25 اپریل 2018 11:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ خیبر پختونخوا خالد خان نے دیگر کمیٹی ممبران کے ہمراہ کھلابٹ ٹائون شپ ٹائپ سی ہاسپٹل کا دورہ کیا، کمیٹی کی نشاندہی کے باوجود تاحال ہسپتال میں موجود نقائص دور نہ کرنے پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ذمہ داران پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا، کمیٹی کی سفارشات پر محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کو ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا عندیہ دیدیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ خیبر پختونخوا خالد خان، کمیٹی ممبران، صدر ہری پور پریس کلب ذاکر حسین تنولی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہری پور اسد الله ملک، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مشتاق خان تنولی و دیگر کے ہمراہ کھلابٹ ٹائون شپ ٹائپ سی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور کمیٹی کی طرف سے ہسپتال میں موجود نقائص کی نشاندہی کے باوجود تاحال انہیں دور نہ کرنے پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی عدم دلچسپی اور غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محکمہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بلڈنگ خراب ہو رہی ہے اور محکمہ کے ذمہ داران عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی عدم دلچسپی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، محکمہ نے اگر اپنی روش نہ بدلی توکمیٹی ممبران کی سفارشات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کیلئے یہ کیس محکمہ اینٹی کرپشن کے سپرد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :