سعودی عرب، انعامات کا جھانسہ دیکر لوٹنے والے 11پاکستانی گرفتار

بدھ 25 اپریل 2018 10:10

سعودی عرب، انعامات کا جھانسہ دیکر لوٹنے والے 11پاکستانی گرفتار
جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) سعودی پولیس نے انعامات کا جھانسہ دے کر تارکین کو بیوقوف بنانے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ پولیس کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ الربوہ محلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گروہ کے 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو انعامات کا جھانسہ دے کر تارکین کو لوٹتے تھے۔

(جاری ہے)

یہ افراد ٹیلیفونک رابطے، ایس ایم ایس اور وٹس ایپ کے ذریعے تارکین کو یہ پیغام بھیجتے کہ فلاں کمپنی یا فلاں تجارتی مرکز کی قرعہ اندازی میں آپ کا نام بھاری انعام نکلا ہے۔ مزید تفصیلات جاننے کیلئے نجی کوائف اور بینک اکائونٹ کی تفصیلات طلب کرتے۔ ان کے قبضے سے 19 موبائل فون اور 36 سمیں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کو پبلک پراسیکوشن کی تحویل میں دے دیا گیاہے۔