بیوی کے طعنوں سے تنگ آکر چینی شخص نے سمارٹ روبوٹ باورچی بنا لیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 24 اپریل 2018 23:47

بیوی کے طعنوں سے تنگ آکر چینی شخص نے سمارٹ روبوٹ باورچی بنا لیا

ہی چنگ شنگھائی کی ایک کیٹرنگ کمپنی کے سی ای او ہیں۔اُن کی بیوی کو اُن سے شکایت تھی کہ وہ اچھا کھانا نہیں پکا سکتے۔ بیوی کے طعنوں سے تنگ ا کر  انہوں نے 8 سال کی محنت کے بعد ایک سمارٹ ککر بنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سمارٹ ککر کو بنانے میں انہیں بہت سی رکاوٹوں کا سامنا تھا لیکن انہیں یقین تھا کہ ایک دن وہ باورچی خانے سے ضرور آزاد ہو جائیں گے۔

اس ککر کی ایجاد کے بعد اُن کی بیوی نے ایک بار بھی اُن کے کھانے کی شکایت نہیں کی اور اُن کی ایجاد سے کافی مطمئن ہیں۔انہوں نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ اس سمارٹ ککر نے مجھے باورچی خانے سے  آزادی دی ہے یہ دوسری خواتین کو بھی آزادی دے گا۔
یہ ککر کوئی بھی ڈش پکانے میں تین سے چار منٹ لگاتا ہے اوراس میں خود کار صفائی کا نظام بھی ہے۔

(جاری ہے)

فی الحال اس ککر کو فروخت نہیں کیا جا رہا بلکہ اسے ابھی کرائے پر  دیا جائے گا۔

صارفین 10ہزار  یوان یا 1588 ڈالر ڈیپازٹ کراکر کرائے پر لے سکتےہیں۔ ککر میں ایک ڈش پکانے کا کرایہ   1 یوان یا 0.16 ڈالر  ہوگا۔
چینی سوشل میڈیا پر اس سمارٹ ککر کے حوالے سے اچھی خاصی بحث شروع ہوگئی ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی  ساری ایجادات  کا بنیادی محرک انسانوں کی سستی ہوتی ہیں۔ ایک صارف کا کہنا ہے کہ کھانے پکاتے ہوئے سب سے اہم مرحلہ سبزی بنانے کا ہوتا ہے اور لگتا ہے کہ یہ کام سمارٹ ککر نہیں کرے گا۔