عالمی امن کے لئے پاکستان کی مسلح افواج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،گورنر سندھ

منگل 24 اپریل 2018 23:02

عالمی امن کے لئے پاکستان کی مسلح افواج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،گورنر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے اور اس کی قربانیوں کے باعث عالمی امن کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان آرمی کے اسکول آف آرٹلری نوشہرہ کینٹ میں آفیسرز گنری کورس کے شرکاء کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی سربراہی اسکول کے قائم مقام کمانڈنٹ بریگیڈیئر عبدالحق کررہے تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مسلح افواج نے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے ذریعہ دہشت گردوں کی کمر توڑدی ہے اور پاکستان بھر میں امن کو یقینی بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013 میں پاکستان خصوصاً کراچی میں امن و امان کی صورتحال نہایت ابتر تھی جس کے باعث کوئی غیر ملکی دن کے دورے پر بھی ملک کے معاشی مرکز میں آنے کو تیار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی اس جانب توجہ دی اور پارلیمنٹ کے ذریعہ رینجرز کو خصوصی اختیارات دئیے گئے تاکہ وہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یہ عزم کیا تھا کہ وہ آپریشن میں کبھی مداخلت نہیں کرے گی اور 5 سال کے دوران ہم نے اس وعدہ کو پوری طرح نبھایا اور کبھی کسی دہشت گرد اور سماج دشمن فرد کی رہائی یا اُسے سہولت دینے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سفارش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور حمایت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت کے بعد کراچی میں امن قائم ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور خطہ کے دیگر شہروں کے مقابلہ میں کراچی میں گھنائونے جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں جوکہ 2013 کی صورتحال کے مقابلہ میں نمایاں بہتری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد اب انفرا اسٹرکچر کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ تیز رفتار معاشی ترقی کے لئے انفرا اسٹرکچر کی موجودگی اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ خطہ کے لئے منفرد منصوبہ سی پیک میں بھی انفرا اسٹرکچر کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 1700 کلو میٹر شاہراہیں اور موٹر ویز تعمیر کئے گئے ہیں جوکہ غیر معمولی کاوش ہے اور اس کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث گوادر کی بندرگاہ کی تعمیر و ترقی سے کراچی پورٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ اس کے باعث صحت مندانہ مقابلہ کی فضاء پیدا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توپ خانہ بری فوج کا اہم جزو ہے اور اس کے افسران کی تربیت سے انہیں اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کا موقع ملے گا اور اپنی ذمہ داریاں زیادہ بہتر انداز میں ادا کرسکیں گے۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بریگیڈیئر عبد الحق نے اسکول آف آرٹلری کا نشان پیش کیا۔