سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن کیلئے اہلیت کے متعلق کیس میں سا بق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 8 مئی کو طلب کرلیا

منگل 24 اپریل 2018 22:52

سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن کیلئے اہلیت کے متعلق کیس میں سا بق وزیر خزانہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن کیلئے اہلیت کے متعلق کیس میں سا بق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 8 مئی کو طلب کر تے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسحاق ڈار عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے خود پیش ہوں، اگر اسحاق ڈار پیش نہ ہوئے تو عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی ، اگر پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ بھی جاری کئے جاسکتے ہیں۔

منگل کوچیف جسٹس میا ں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے سابق وزیرخزانہ کے وکیل سلمان بٹ سے استفسارکیا کہ انہوں نے آخری عدالتی حکم نامہ پڑھ لیا ہے، ہمیںبتایا جائے کہ اسحاق ڈار کہاں ہیں ، انہیں لے آئیں جس پرفاضل وکیل نے کہا کہ میرے موکل اسحاق ڈار بیمار ہیں اورلندن میں زیرعلاج ہیں ۔

(جاری ہے)

جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار اتنے عرصہ تک بیمار نہیں ہو سکتے، ہم نے عدالتی حکم میں ان کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تھا، اورعدالتی حکم خلاف ورزی کرنے کے لئے جاری نہیں کیا تھا ،اسحاق ڈار وطن واپس آجائیں ہم ان کو حفاظتی ضمانت دے دیں گے۔ سماعت کے دوران فا ضل وکیل کی جانب سے اسحق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا تو عدالت نے اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفیکٹ مسترد کر تے ہوئے کہا کہ ہمیں پوچھ کر بتایا جائے کہ اسحاق ڈار کب تک واپس آئیں گے۔

وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کا آغاز کیا گیا تو اسحاق ڈار کے وکیل سلمان بٹ نے بتایا کہ اسحاق ڈار علیل ہیں،وہ6 سے 8 ہفتے سفر نہیں کر سکتے، چیف جسٹس نے دوبارہ کہا کہ اسحاق ڈار عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے پیش ہوں، اگر اسحاق ڈار پیش نہ ہوئے تو ہماری سمجھ میں جوآٰئے گا فیصلہ کر دیں گے، چاہے ان کے وارنٹ جاری کرنا پڑے تو وہ بھی کریں گے، چیف جسٹس نے پوچھا کہ مفرور ملزم کیلئے قانون کیا کہتا ہے مفرور شخص کو ایک شہری بھی پکڑ سکتا ہے ، اسحاق ڈار کی واپسی تک ہم کیس کو آگے نہیں چلائیں گے، اسحاق ڈار آتے ہیں تو انہیں حفاظتی ضمانت بھی دے دیں گے، پھر وہ احتساب عدالت کو مطمئن کر دیں، زندگی میں بہت سے کام دلیری سے کرنا پڑتے ہیں، حالات کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے فاضل وکیل کی جانب سے مزید مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسحاق ڈار کو 8 مئی کو طلب کر لیا۔