سوئی سدرن گیس کے نمائندہ وفد کی پاکستان ہائوس میں پی ایس پی کے رہنمائوں سے ملاقات

سوئی سدرن گیس کے وفد کی یقین دہانی کے بعد پاک سر زمین پارٹی نے عارضی طور 25اپریل کو ہونے والا احتجاجی مظاہرہ ملتوی کر دیا ، ترجمان پاک سر زمین پارٹی

منگل 24 اپریل 2018 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) سوئی سدرن گیس کے نمائندہ وفد سوئی سدرن گیس کے جی ایم (ایچ آر اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشن)شہباز اسلام اور صدر آفیسر ایسوسی ایشن اور سندھ اور بلوچستان عرفان جعفری نے پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی دفتر پاکستان ہاوس میں پی ایس پی کے رہنمائوں ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، اراکین قومی اسمبلی آصف حسنین،فوزیہ حمید، اراکین صوبائی اسمبلی محمود عبدالرزاق، حفیظ الدین، ارتضی فاروقی، ممبر نیشنل کونسل محمد رضا اور قاسم خانزادہ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کی-الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے کے الیکٹرک کو 90ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی تھی اب 130 کردی گئی ہے اور اگلے 48 گھنٹوں کے بعد 190 کر دی جائے گی۔ پی ایس پی رہنمائوں نے سوئی سدرن گیس کے وفد کی جانب سے یقین دہانی کے بعد پاک سر زمین پارٹی کا 25 اپریل کو ہونے والا احتجاجی مظاہرہ عارضی طور پر ملتوی کر دیا ہے ۔پاک سر زمین پارٹی کے وفد نے دوران ملاقات سوئی سدرن گیس کے وفد کو باور کروا دیا کہ اگر کے الیکٹرک اور سوئی سدرن عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی تو پاک سر زمین پارٹی احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔