Live Updates

ملک میں آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے، حکومت اور اپوزیشن جلد ہی نگران سیٹ اپ کے قیام پر اتفاق رائے قائم کرلیں گے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے موجودہ دور میں سب سے زیادہ قانون سازی کی ہے

سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 24 اپریل 2018 21:52

ملک میں آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے، حکومت اور اپوزیشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے، سب کی دعا ہے کہ یہ انتخابات وقت پر ہوں اور صاف اور شفاف ہونے چاہیئں۔ حکومت اور اپوزیشن جلد ہی نگران سیٹ اپ کے قیام پر اتفاق رائے قائم کرلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے موجودہ دور میں سب سے زیادہ قانون سازی کی ہے،1985ء کے بعد سب سے زیادہ قانون سازی اسی اسمبلی کے دور میں ہوئی ہے جبکہ پرائیویٹ ممبرز کے بل پاس کرنے میں بھی اس حکومت نے انتہائی فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کے بلز پاس کیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ اس پارلیمنٹ میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی ہے جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے عمل میں اصلاحات کی ضرورت ہے جو تمام سیاسی جماعتوں کے حق میں بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف ہمیشہ نازیبا زبان استعمال کی لیکن سینیٹ انتخابات کے دوران انہوں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں ووٹ دئیے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں نے بطور سپیکر قومی اسمبلی حکومت اور اپوزیشن کے مابین ایک پل کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ ہر کسی کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کام کرنا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف آج تک کرپشن کا کوئی ایک کیس بھی ثابت نہیں ہوا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفادار اور حقیقی لوگ کبھی بھی اپنی جماعت کو نہیں چھوڑتے تاہم خود غرض اور موقع پرست اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ جنوبی پنجاب صوبے کا نعرہ بلند کر رہے ہیں انہوں نے اپنے دور اقتدار میں اس کے لیے کبھی کوئی آواز نہیں اٹھائی۔ ایک اور سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مریم نواز ایک نئی سیاسی رہنما کے طور پر ابھر رہی ہیں جن کی عوام میں کافی مصروفیات بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک معلق پارلیمان ملک اور سیاسی جماعتوں کے حق میں نہیں اور سیاسی جماعتوں کو موقع پرست لوگوں کے خلاف قانون سازی کرنی چاہیئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات