’’ کے الیکٹرک ‘‘ اور واٹر بورڈ جیسے اداروں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، مفتی یوسف قصوری

سیاسی جماعتوں کا الیکشن سے پہلے واویلا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکھنا ہے ۔ امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ

منگل 24 اپریل 2018 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے امیر مفتی یوسف قصوری اور دیگر رہنمائوں مولانا ابراہیم طارق ، سید عامر نجیب ، محمد اشرف قریشی ، مولانا افضل سردار ، قاری خلیل الرحمن جاوید ، ایم مزمل صدیقی ، مفتی رفیق سلفی نے کہا ہے کہ ’’ کے الیکٹرک ‘‘ اور واٹر بورڈ جیسے اداروں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے عوام ذہنی مریض بن چکے ہیں ، کسی بھی طرف کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ۔

انہوں نے کہا کہ ’’ کے الیکٹرک ‘‘ نے روشنیوں کی شہر کو تاریکستان بنا دیا ہے ، آج جو سیاسی جماعتیں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ’’ کے الیکٹرک ‘‘ اور واٹر بورڈ کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں وہ محض دکھلاوا ہیں یہ ظالم ادارے 5 سال تک عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا رہے اور یہ جماعتیں خاموش تماشائی بنی دیکھتی رہیں اب جبکہ الیکشن بلکل قریب ہیں تو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکھنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا یہ احتجاج خود ان کے خلاف ہے سب جانتے ہیں کہ ’’ کے الیکٹرک ‘‘ اور واٹر بورڈ کی اہم پوسٹوں پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ بلکہ حلف یافتہ کارکنان برا جمان ہیں ان کے ہوتے ہوئے کراچی کے شہری مہنگے پانی کے ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز جامع مسجد مرکزی اسلامیہ نیو کراچی 4 نمبر میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مفتی یوسف قصوری نے کہا کہ اس شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ نے عوا م کو ذہنی مریض بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی بجلی مہیا کرنا حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے مگر حکومتیں عوام کو ان بنیادی حقوق مہیا کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اہم پوسٹوں پر بیٹھے افسران کو اللہ سے ڈرنا چاہئے ، غریب عوام کے دلوں سے نکلی بد دعائیں ان کی دنیا و آخرت برباد کر سکتی ہیں ۔

مفتی یوسف قصوری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ عوام اتنے بھولے اور نادان نہیں جتنا ان سیاسی جماعتوں نے سمجھ رکھا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عوام اپنا حق وصول کرنا خوب جانتے ہیں الیکشن کے قریب عوامی مسائل کا واویلا کرنے والے بعد از الیکشن نظر بھی نہیں آتے بلکہ ’’ کے الیکٹرک ‘‘ اور واٹر بورڈ کی عوام دشمن پالیسیوں کو تحفظ دے کر اپنا حصہ وصول کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے ذمہ داران اور سیاسی جماعتیں کسی طور بھی ہمدردی کی مستحق نہیں ہیں ، مرکزی جمعیت اہل حدیث عدالت عظمیٰ میں ان ادارون کے خلاف آئینی پٹیشن دائر کرے گی ۔