مجلس عمل اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام ،صحت و تعلیم اور مذہبی رواداری کو اپنی اولین ترجیح رکھے گی ،راشد سومرو

گزشتہ دس سالوں میں بر سر اقتدار پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے سندھ کے عوام کو بے روزگاری اور بھوک و افلاس کے سوا کچھ نہیں دیا،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

منگل 24 اپریل 2018 21:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ کی تعلیم اور صحت کا شعبہ تباہ جبکہ ذوالفقار علی بھٹو کے شہر لاڑکانہ میں 150 اسکول بند ہیں اس صورتحال کے باوجود سندھ کے حکمران سب کچھ ٹھیک ہے کا راگ آلاپ رہے ہیںجو کہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ بندوق کے ذریعے مطالبات منوانا غلط مگر پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کو کب انصاف ملے گا، پانچ سالوں تک حکومت کے مزے لوٹنے والے اب بجلی و پانی بحران پر کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

متحدہ مجلس عمل کی قیادت اپنے منشورمیں اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے ساتھ صحت و تعلیم اور مذہبی رواداری کو اپنی اولین ترجیح رکھے گی۔مجل عمل پارلیمانی ،جمہوری، آئین وقانون کی حکمرانی پریقین رکھتی ہے، ظلم وناانصافی کے نظام میں ہم غریبوں کی آواز بنیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ اور دادو اضلاع میں تنظیم سازی کے اجلاس اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

سینئر نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو، محمد اسلم غوری، علامہ ریاض حسین الحسینی، حافظ نصراللہ چنا و دیگر مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے ۔راشدمحمود سومرو نے کہا کہ کرپٹ قیادت نے اقرباپروری اورصرف اپنے گھر بھرے ہیں سندھ کے عوام آج کے دورجدید میں بھی زندگی کی بنیادی سہوکتوں سے محروم ہیں۔سندھ کے لاکھوں بچے تعلیم کے ذیور سے محروم ہیں جوکہ وڈیرانہ وجاگیردارانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے،عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان ظالم قوتوں سے انتقام لیکر سندھ اوراپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔

ایم ایم اے سندھ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں بر سر اقتدار پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے سندھ کے عوام کو بے روزگاری اور بھوک و افلاس کے سوا کچھ نہیں دیا ، تھر میں معصوم بچے غذائی قلت و طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے بھی محروم ہیں۔ آلودہ پانی پینے کی وجہ سے سندھ میں ہیپا ٹائٹس بی ، سی و دیگر بیماریوں پھیل رہی ہیں۔

کراچی تا کشمور بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ انتخابات سے لیکر اب تک حکمران لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے صرف دعوے ہی کرتے رہے۔ عوام بجلی بحران سمیت عام مسائل کے حل کیلئے کرپٹ قیادت سے نجات اور انتخابات میں دیانتدار قیادت کو آگے لائیں۔ قبل ازیں قمبر شہداد کوٹ میں جے یو آئی کے مولانا صدیق مغیری کو صدر جماعت اسلامی کے ڈاکٹر امتیاز شیخ کو جنرل سیکریٹری ، لاڑ کانہ میں جماعت اسلامی کے محمد عاشق دھامراہ ایڈووکیٹ صدر اور جے یو پی کے حافظ روشن علی کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔