Live Updates

کوئٹہ، فواد چوہدری سراج الحق جیسے بلند کردار صادق وامین سیاست دان پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،عبدالولی خان شاکر

خرید وفروخت کے اس اتوار بازار میں پوری تحریک انصاف میں باقی کون بچا ہے ،خود فواد چوہدری اصلاً کس کے ترجمان ہیں، وہ مشرف،ق لیگ،پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم کی ترجمانی کرتے رہے ہیں،سیکرٹری اطلاعات جما عت اسلامی بلوچستان

منگل 24 اپریل 2018 21:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) جما عت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر نے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے بارے میں بیان پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ فواد چوہدری سینیٹر سراج الحق جیسے مرد درویش اور بلند کردار صادق وامین سیاست دان پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ خرید وفروخت کے اس اتوار بازار میں پوری تحریک انصاف میں باقی کون بچا ہے ۔

خود فواد چوہدری اصلاً کس کے ترجمان ہیں ۔ وہ مشرف،ق لیگ،پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم کی ترجمانی کرتے رہے ہیں۔ سینیٹ کے انتخابات میں اگر پی ٹی آئی نے سراج الحق کو ووٹ دئے تھے تو بدلے میں جماعت اسلامی نے ان کے نمائندوں کو تین گنا ووٹ دئے تھے۔

(جاری ہے)

گھاٹ گھاٹ کا پانی پینے اور ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والوں کو زیب نہیں دیتا کہ وہ دوسروں پر کیچڑ اچھالیں ۔

اگر جماعت اسلامی ساتھ نہ دیتی تو کے پی کے میں پی ٹی آئی حکومت دوماہ بھی قائم نہیں رہ سکتی تھی ۔ فواد چوہدری جیسے لوگوں کا اپنا کوئی ٹھکانہ نہیں ، انہیں بڑی بڑی باتیں منہ سے نہیں نکالنی چاہئیںآج اگر پی ٹی آئی میں ہے تو کل بڑی آفر آنے پر اسی پارٹی کو چھوڑنے میں دیر نہیں کریگا۔کے پی کے حکومت کی نیک نامی جماعت اسلامی ہے اگر جماعت اسلامی اپنی وزارتوں میں خدمت ودیانت سے کام نہ کرتے تو یہ لوگ منہ دکھانے کے قابل نہ ہوتے ۔

انہوںنے کہاکہ سراج الحق کی حقیقت پسندی اگر کسی کو گراں گزری ہے تو اسے دوسروں پر طعن تشنیع کرنے کی بجائے اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خود کہتے ہیں کہ ان کے 20ایم پی ایز سینیٹ الیکشن میں بک گئے تھے ۔ جماعت اسلامی کے کسی ایک ممبر پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا فواد چوہدری کو جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرناچاہیے جس کی کی بہترین خدمات نیک نامی ودیانت داری کی وجہ سے ان کی صوبائی حکومت اپنے پانچ سال کامیابی سے پورے کررہی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات