چیف جسٹس آف پاکستان کا سول ججز کی بھرتی کے لئے نابینا امیدوار کوانٹرویو میں فیل کرنے کا نوٹس

منگل 24 اپریل 2018 20:51

چیف جسٹس آف پاکستان کا سول ججز کی بھرتی کے لئے نابینا امیدوار کوانٹرویو ..
لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان نے سول ججز کی بھرتی کے لئے نابینا امیدوار کوانٹرویو میں فیل کرنے کا نوٹس لے لیا،چیف جسٹس آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کی سلیکشن کمیٹی کونابینا امیدوار یوسف سلیم کا دوبارہ انٹرویو کرنے کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سول ججز کی بھرتی کے لئے بصارت سے محروم امیدوار یوسف سلیم کی اپیل پر نوٹس لیا۔

(جاری ہے)

یوسف سلیم سول ججز کے لئے ہونے والے تحریری امتحان کو پاس کر چکے تھے مگر انہیں انٹرویو میں فیل کر دیا گیا،یوسف سلیم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ انٹرویو میں ان سے بصارت سے متعلق ہی سوالات کئے گئے ان کی پیشہ وارانہ اہلیت کو درست طرح سے نہیں جانچا گیا،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے یوسف سلیم کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کی سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ انٹرویو کرنے کی ہدایت کی ہے، ہائیکورٹ کے ججز کی سلیکشن کمیٹی نے چھ ہزار کے لگ بھگ امیدواروں میں سے یوسف سلیم سمیت کل اکیس امیدواروں کوتحریری امتحان میں پاس کرتے ہوئے انٹرویو کے لئے اہل قرار دیا تھا،سلیکشن کمیٹی نے اکیس میں سولہ افراد کو انٹرویو میں پاس کرتے ہوئے یوسف سلیم سمیت کل پانچ امیدواروں کوانٹرویو میں فیل کر دیا تھا۔