پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،

انشاء اللہ قومی کھیل اپنا عروج دوبارہ حاصل کرے گا ، ڈومیسٹک ہاکی کے ڈھانچہ میں بہتری کے لئے انٹر کلب مقابلے ،کلبوں کی سکروٹنی اور شفاف الیکشن اہم رول ادا کریں گے،نوید عالم کیمیڈیا سے گفتگو

منگل 24 اپریل 2018 20:51

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،
لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و ڈومیسٹک پی ایچ ایف نوید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہاکی کے کھیل کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور انشاء اللہ قومی کھیل اپنا عروج دوبارہ حاصل کرے گا ۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ ہاکی کے کھیل کی ترقی کے لئے مخلصانہ کوششیں کررہی ہیں اور نیا ٹیلنٹ حاصل کرنے کے لئے گراس روٹ سطح پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈومیسٹک ہاکی کے ڈھانچہ میں بہتری کے لئے انٹر کلب مقابلے ،کلبوں کی سکروٹنی اور شفاف الیکشن اہم رول ادا کریں گے ۔نوید عالم نے کہاکہ انٹرکلب ہاکی مقابلے ملک کے 144اضلاع میں جاری ہیں جو کہ رواں ماہ کے آخر میں یا مئی کے پہلے ہفتے ختم ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انٹرکلب ہاکی مقابلے پی ایچ ایف کی نگرانی میں منعقد ہورہے ہیں اور اس میں ٹیکنیکل ڈیلی گیٹس ،آبزرور اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز کو بھی شامل کیا جائے گا ۔

انٹر کلب مقابلوں کے بعد سکروٹنی کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ہر کلب کے لئے اپنی گرائونڈ اور کم از کم 14کھلاڑیوں کا ہونا ضروری ہے ۔تمام میچز کا ویڈیو ریکارڈ ہوگا تاکہ کلبوں کے اصل اور جعلی کھلاڑیوں کی نشاندہی ہوسکے ۔کلبوں کو کم از کم تین ڈیپارٹمنٹل کھلاڑیوں کو شامل کرنا ہوگا ۔سکروٹنی کمیٹی کے اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور اس کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا جبکہ آخری مرحلہ الیکشن کا ہوگا اور ملک کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر انتخابات ایک ہی دن ہوں گے ۔

حقیقی کلبوں کو ہی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی ۔ ڈسٹرکٹ کے بعد،ڈویژنل ،صوبائی اور قومی سطح پر انتخابات ہوں گے ۔ نوید عالم نے کہاکہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر ہر معاملے میں شفافیت چاہتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں نوید عالم نے کہاکہ بوگس کلبوں اور ذاتی مفاد رکھنے والوں کے خلاف کاروائی سے کئی لوگ ناراض ہوں گے لیکن ہم ہر کسی کو مطمئن نہیں کرسکتے ۔بوگس کلبوں کا خاتمہ کریں گے ۔پی ایچ ایف کانگرس اور ایگزیکٹو بورڈ نے اس طریقہ کار کی منظوری دیدی ہوئی ہے۔