کوئٹہ ،میاں غنڈی میں ایف سی کے کیمپ پر یکے کے بعد دیگرے دو خودکش دھماکے، فائرنگ ،8اہلکار شدید زخمی

منگل 24 اپریل 2018 20:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) کوئٹہ کے نواحی علاقے میاں غنڈی میں ایف سی کے کیمپ پر یکے کے بعد دیگرے دو خودکش دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں8اہلکار شدید زخمی ہوگئے سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میاں غنڈی میں ایف سی کے کیمپ پر دو خودکش حملہ آوروں نے دھماکے اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8اہلکار شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ،ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے کیمپ کے داخلی راستے پر ایک خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا جبکہ اسکے دوسرے ساتھی نے فورسز پر فائرنگ کی اور بعد میں اپنے آپ کو بھی دھماکے سے اڑادیا ،سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنے کا سلسلہ شروع کردیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ۔