اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں جن کے خاتمے کیلئے پاک عرب کونسل قائم کی جا رہی ہے‘طاہر محموداشرفی

پاک عرب کونسل میں علماء ، مذہبی و سیاسی قائدین اور تمام طبقات زندگی کے افراد کو شامل کیا جائے گا، اسرائیل ، ہندوستان اپنی سازشوں میں ناکام ہونگے ‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

منگل 24 اپریل 2018 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پیغام اسلام کانفرنس کا اعلامیہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، پیغام پاکستان درست سمت قدم ہے ، اسلامی اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام اور انتہاء پسندی ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مضبوط حکمت عملی بنانے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کی دعوت پر آئے ہوئے مختلف اسلامی و عرب ممالک کے رہنمائوں نے مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش ، سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کے وکیل الشیخ طلال العقیل ، الشیخ ڈاکٹر راشد الزاہرانی ، رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدہ عتین ، سوڈان کے نمائندے ڈاکٹر ہادی مہدی ،فلسطین کے قائم مقام قاضی القضاة ڈاکٹر محمود الخمیس عبوشی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا عبد القیوم ، مولانا اسید الرحمن سعید ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا محمد اسلم قادری ، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی عالم اسلام کی وحدت اور اتحاد کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں ، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو باہمی اتحاد سے ہی شکست دی جا سکتی ہے ۔ پاکستان کے علماء نے متفقہ طور پر پیغام پاکستان کے نام پر ایک دستاویز دی ہے جس میں دہشت گردی اور جہاد کو واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ پیغام پاکستان جیسا بیانیہ سامنے آنا پاکستانی علماء کی کامیابی ہے، رہنمائوں نے کہا کہ فلسطین اور ارض الحرمین الشریفین کی سلامتی و استحکام اور دفاع پوری امت کی ذمہ داری ہے۔

امریکی صدر کی طرف سے سفارتخانہ کو القدس منتقل کرنے کا فیصلہ عالمی امن کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے ، امت مسلمہ اس فیصلہ کو کبھی بھی قبول نہیں کرے گی ،سعودی عرب کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ فلسطین کے مسئلہ پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں جن کے خاتمے کیلئے پاک عرب کونسل قائم کی جا رہی ہے جس میں علماء ، مذہبی و سیاسی قائدین اور تمام طبقات زندگی کے افراد کو شامل کیا جائے گا، اسرائیل ، ہندوستان اپنی سازشوں میں ناکام ہوں گے۔