کراچی، وفاقی حکومت کی اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو تمام متعلقہ تجارتی اور کاروباری تنظیموں کی حمایت حاصل ہے، محمد زبیر

اسکیم ہر لحاظ سے معیشت کے لئے خوش آئند ثابت ہوگی،معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے سخت فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں،گورنرسندھ

منگل 24 اپریل 2018 20:18

کراچی، وفاقی حکومت کی اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو تمام متعلقہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو تمام متعلقہ تجارتی اور کاروباری تنظیموں کی حمایت حاصل ہے، اسکیم ہر لحاظ سے معیشت کے لئے خوش آئند ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ٹیکس ریفارم پیکیج کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے سخت فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں اور موجودہ حکومت کے 5 سال کے اقدامات اس بات کے گواہ ہیں کہ حکومت نے معاشی میدان میں کئی سخت فیصلے کئے ہیں، آئندہ حکومت کو مضبوط معیشت اور امن و امان ورثہ میں ملیں گے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت کی جامع اور مربوط حکمت عملی کے باعث سال 2016 کے بعد سے کراچی بند نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی ہڑتال ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی تعمیر و ترقی کے لئے تاجر برادی کی خدمات قابل ستائش ہیں جنہوں نے مشکل اور ناموافق حالات میں بھی ملک کی معیشت کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مثبت سوچ برقرار رکھی جس کی بدولت آج پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور آنے والی حکومت کے لئے ایک تحفہ ہوگی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تمام معاشی اشارے پچھلے پانچ برسوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں جو موجودہ حکومت کی انتھک اور مخلصانہ جدوجہد کا ثمر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے غیر متزلزل عزم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شب و روز محنت اور کاوشوں کے باعث کراچی کی رونقیں دوبارہ بحال ہوئی ہیں اور شہری سماجی ، ثقافتی ، ادبی ، معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی کے بارے میں پھیلائے جانے والے پروپیگنڈہ میں کوئی صداقت نہیں اس اسکیم کا واحد مقصد ملک کی معیشت میں بہتری ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس کے شعبہ سے منسلک وکلاء اور ٹیکس پریکشنرز پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس اسکیم کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں کو زائل کرنے میں کردار ادا کریں اور اپنے حلقہ اثر میں اس اسکیم کی افادیت کو اجاگر کریں۔

اس سے قبل پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقادر میمن نے شرکاء کو ایمنسٹی اسکیم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی اسکیم نہ صرف دنیا کے دیگر ممالک بلکہ پاکستان میں بھی مختلف ادوار میں متعارف کرائی گئی ہے جس سے معیشت پر خاطر خواہ مثبت اثرات ہوئے۔ تقریب سے کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر خالد محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔