سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی بلکہ پورے خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا، خواجہ محمد آصف

سی پیک چینی صدر کے ون بیلٹ ، ون روڈ انشیٹیو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے، وزیر خارجہ کی چینی نائب صدر سے گفتگو چین پاکستان کی آزادی وخودمختاری، اقتصادی ترقی میں کردار جاری رکھے گا، وانگ قیشان

منگل 24 اپریل 2018 20:05

سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی بلکہ پورے خطے کی ترقی میں اہم ..
بیجنگ /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی بلکہ پورے خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے یہ بات منگل کو بیجنگ میں چینی نائب صدر وانگ قیشان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ملاقات میں مختلف دو طرفہ،علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان تمام امور پر سٹریٹجک کمیونی کشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے حالیہ انتخاب میں کامیابی پر چینی نائب صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی نائب صدر نے کہا کہ پاک چین تعلقات سدا بہار اور اور بین الریاستی تعلقات میں ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی آزادی و خودمختاری ،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں بارے چین کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سی پیک چینی صدر جن پنگ کے ایک پٹی ایک سڑک انشیٹیو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی بلکہ پورے خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کے کئی منصوبے یا تو مکمل ہو چکے ہیں یا تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔