عالمی بینک کی جانب سے دیئے جانے والے دعوت نامے

ماروی میمن نے کل واشنگٹن میں عالمی بینک کی ایڈوائزری کونسل برائے جنڈر اینڈ ڈویلپمنٹGender & Developmentمیں شرکت

منگل 24 اپریل 2018 20:01

عالمی بینک کی جانب سے دیئے جانے والے دعوت نامے
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) عالمی بینک کی جانب سے دیئے جانے والے دعوت نامے پر ، محترمہ ماروی میمن نے کل واشنگٹن میں عالمی بینک کی ایڈوائزری کونسل برائے جنڈر اینڈ ڈویلپمنٹGender & Developmentمیں شرکت کی۔ ماروی میمن پاکستان کی جانب سے پہلی خاتون ہیں جنہوں نے 2011میں اس کونسل کے قیام کے بعد اس میں اپنی خدمات سرانجام دیں۔

ایڈوائزری کونسل، ڈونر ممالک، نجی سیکٹر اور سول سوسائٹی پر مشتمل رہنمائوں کی ایک اہم مشاورتی ٹیم ہے جو صنفی برابری کے فروغ کیلئے عالمی بینک گروپ کی مدد کرتی ہے۔ اس سال کیلئے زیر بحث موضوع جنسی تشدد تھا۔ کانفرنس کا آغازبینک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر Ms. Kristalina Georgieva اور سینئر ڈائریکٹر ویمن Ms. Caren Grownنے کیا۔ Ms. Georgieva نے خواتین کی بااختیاری کیلئے عالمی کوشش پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

Ms. Grown نے بی آئی ایس پی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں ایک وسیع پیمانے پر خواتین کی بااختیاری اور غربت کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے غیر معمولی کام پر ماروی میمن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بینک پاکستان میں کاروباری خواتین کے ڈیٹا بیس کی تشکیل پر کام کررہا ہے۔کنیڈا، ڈینمارک اور پیراگے کے کیبنٹ وزراء اور آکسفم، گلوبل فنڈ اور یو این ویمن کے سی ای اوز نے تقریب میں شرکت کی۔

صدر انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی اور برطانیہ کے سابق سیکرٹری خارجہ Mr. David Miliband نے بھی ویڈیو ۔کانفرنس کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔ ڈی ایف آئی ڈی منسٹر ، سیکرٹری آف سٹیٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ Penny Mordaunt نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ماروی میمن نے اپنی پریزنٹیشن میں پاکستان کی جانب سے خواتین کی بااختیاری کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور صنفی برابری کے حصول میں درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ جنسی تشدد کیخلاف قوانین اور کام کرنے کی جگہوں پر خواتین کے تحفظ کیلئے وفاقی محتسب کے کردار نے خواتین کی بااختیاری کو فروغ دینے میں مدد کی ہے۔پاکستان میں خواتین کے مسائل کے بارے میں بڑھتے ہوئے شعور سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے، ماروی میمن نے ایک پاکستانی نوجوان مرد کا ٹویٹ پڑھ کر سنایا جس نے خواتین کے حق میںبات کرنے اور دوسرے مردوں کو #MeToo مہم میں شامل ہونے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں #MeToo مہم کے حوالے سے خواتین کی بااختیاری سے متعلق بحث سائبر سپیس پر غلبہ حاصل کررہی ہے۔ ماروی میمن نے صنفی مسائل کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے تجویز پیش کی کہ اس کونسل کے ممبران کوسال میں ایک سے زائد مرتبہ ملاقات کرنی چاہیئے۔ کونسل نے ماروی میمن کا خیر مقدم کیا اور سماجی تحفظ نیٹ کے شعبے میں ذرائع کے استعمال اور سال میں ایک سے زائد مرتبہ رابطے میں رہنے کی تجویز کی تعریف کی۔

اختتامی سیشن میں، عالمی بینک کے سی ای او نے ماروی میمن کی قابل قدر تجاویز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اسے ایک مثبت اقدام قرار دیا۔ علاوہ ازیں، ماروی میمن نے سیکرٹری آف سٹیٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ Penny Mordaunt کو مئی میں بی آئی ایس پی کے وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت 2ملین بچوں کے سکولوں کے اندراج کے حوالے سے تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان آنے کی دعوت دی۔ماروی میمن نے دیگر شرکاء کیساتھ اہم عالمی مسائل پر قیادت کیلئے عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔