Live Updates

عمران خان کل ندیم افضل چن کے آبائی گائوں جائیں گے،جلسہ سے خطاب کرینگے

پارٹی چیئرمین کے دورے کے موقع پر تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کروں گا، ندیم افضل چن

منگل 24 اپریل 2018 19:40

عمران خان کل ندیم افضل چن کے آبائی گائوں جائیں گے،جلسہ سے خطاب کرینگے
ملک وال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کل ( بدھ کو) پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی ندیم افضل چن کی دعوت پر ان کے آبائی گائوں پنڈ مکو آئیں گے، عمران خان جلسہ عام سے خطاب اور ظہرانہ میں بھی شرکت کریں گے۔ تفصیلات کیمطابق پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی ندیم افضل چن نے چند روز قبل بنی گالہ میں اپنے والد سابق صوبائی وزیر حاجی محمد افضل چن ، ماموں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل اور چھوٹے بھائی سابق ایم پی اے وسیم افضل چن کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات کی تھی ندیم افضل چن نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر عمران خان کو اپنے گائوں پنڈ مکو آنے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کر لی تھی ۔

(جاری ہے)

عمران خان آج 25 اپریل بروز بدھ دن ایک بجے تحصیل ملک وال کے گائوں پنڈمکو میں ندیم افضل چن کی رہائشگاہ پر پہنچیں گے وہ پہلے ندیم افضل چن کی رہائشگاہ پر ظہرانہ میں شرکت کریں گے اور بعد ازاں وہ پنڈ مکو میں ہی ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ اس موقع پر ندیم افضل چن ان کے والد پیپلز پارٹی کسان ونگ پنجاب کے سابق صدر حاجی محمد افضل چن ان کے بڑے بھائی صوبائی اسمبلی کے امیدوار گلریز افضل چن ،پیپلز پارٹی کسان ونگ ضلع منڈی بہاوالدین کے صدر ارشد محمود رانجھا سمیت دیگر کئی اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے ۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ میں آج پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کروں گا اور میرے ساتھ کئی دیگر جماعتوں کے لوگ بھی شامل ہوں گے انہوں نے کہا کہ میری دعوت پر عمران خان ظہرانے میں شرکت کے لئے پنڈ مکو آرہے ہیں اور ہم انکا تاریخی استقبال کریں گے سابق ایم پی اے وسیم افضل چن نے کہا عمران خان کے استقبال میں شرکت کے لئے آنے والے 5 ہزار شرکاء کے کھانے کا بندوبست بھی کیا گیا ہے جلسہ میں منڈی بہاوالدین، ملک وال، بھیرہ، بھلوال اور سرگودھا کے ہزاروں پارٹی کارکن شرکت کریں گے۔ عمران خان کے جلسہ کی تیاری عروج پر ہیں راستوں کو پارٹی جھنڈوں ، پینا فلیکسز اور بینرز سے سجا دیا گیا جبکہ جلسہ گاہ میں سٹیج تیار کر دیا گیا ہے ۔۔۔۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات