مون سون کی بارشوں کے آغاز سے قبل ہی تمام ندی نالوں کی صفائی اور چینلائزیشن کا کام مکمل کرلیا جائے،وسیم اخترمیئر کراچی

منگل 24 اپریل 2018 19:26

مون سون کی بارشوں کے آغاز سے قبل ہی تمام ندی نالوں کی صفائی اور چینلائزیشن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے آغاز سے قبل ہی تمام ندی نالوں کی صفائی اور چینلائزیشن کا کام مکمل کرلیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران نالے اوور فلور ہونے کا خطرہ باقی نہ رہے، کراچی میں جون کے مہینے سے بارشیں شروع ہوجاتی ہیں لہٰذا مئی کے آغاز سے ہی برساتی نالوں میں موجود چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے کا کام شروع ہوجانا چاہئے، ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے کہ نالوں میں کچرا نہ پھینکا جاسکے، واٹر بورڈ نالوں کے گرد سڑک کی تعمیر سے قبل نالوں میں ڈالے گئے سیوریج لنک منتقل کرے، نالوں کی صفائی کے حوالے سے جو بھی فنڈز دستیاب ہوں گے انہیں نالوں کی صفائی اور دیگر ترقیاتی کاموں پر ہی خرچ کیا جائے گا،یہ بات انہوں نے گجرنالہ اور محمودآباد نالہ سمیت دیگر نالوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، چیف انجینئر کے ڈی اے رام چند، مختلف اضلاع کے چیف انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز نے شرکت کی، میئر کراچی نے افسران پر زور دیا کہ ہمیں کے ایم سی سے متعلق نالوں کی بحالی اور صفائی کا کام ترجیح بنیادوں پر کرنا ہوگا، برساتی نالوں کے اطراف تجاوزات ختم کئے جانے کے بعد وہاں دوبارہ تجاوزات قائم ہونے سے روکا جائے، جس کے لئے ترقیاتی کام شروع ہوجانا چاہئے، اجلاس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر کو گجرنالہ اور محمود آباد نالے کے مختلف حصوں اور نالے کی گہرائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ گجرنالہ کے لئے بنائے گئے توسیعی پلان سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں نالے کے دونوں جانب سڑک اور فٹ پاتھ کی تعمیر شامل ہے، میئر کراچی نے کہا کہ برساتی نالے نکاسی آب کا قدرتی ذریعہ ہیں لہٰذا برساتی نالوں پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برادشت نہیں کی جاسکتیں کیونکہ ان کی وجہ سے نالوں کی چوڑائی کم ہوجاتی ہے اور نالوں میں سطح آب بلند رہتی ہے جو برساتی موسم میں خطرناک شکل اختیار کرلیتی ہے، انہوں نے کہا کہ نالوں کو کچرا پھینکے جانے کی وجہ سے ان کی صفائی نہیں ہوپاتی لہٰذا اس صورتحال کے تدارک کے لئے بھی موثر اقدامات کئے جائیں، بعض نالوں میں چھ چھ فٹ تک کچرا پڑا ہے جس کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ذمہ داری جائے گی کہ وہ اسے ٹھکانے لگائے، انہوں نے کہا کہ جن نالوں میں سیوریج کے پائپ ڈال دیئے گئے ہیں انہیں بھی ہٹانے کے لئے واٹر بورڈ سے رابطہ کیا جائے تاکہ نالوں کے گرد دیوار اور سڑک کی تعمیر سے پہلے یہ تمام مسائل حل کرلئے جائیں، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کئے جانے والے فنڈز ضائع نہیں ہونے چاہئیں اور تمام تر پیسہ شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر اور جدید بنانے کے لئے استعمال ہونا چاہئے، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ رکھیں اور جہاں بھی کوئی رکاوٹ آئے اسے فی الفور دور کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے شہری برسات کے دوران کسی پریشانی سے دو چار نہ ہوں اور برساتی نالوں کے ذریعے بارش کے پانی کی تیزی سے نکاسی کا عمل بلارکاوٹ جاری رہے جس کے لئے ہم تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں اور شہر کے مفاد میں مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ نالوں کی بحالی اور صفائی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لئے تجاویز دیں تاکہ ان کا مکمل جائزہ لے کر حکمت عملی ترتیب دی جائے، انہوں نے تمام علاقوں کے چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حدود میں واقع برساتی نالوں کی صورتحال پر مکمل نظر رکھیں اور نالوں میں پانی کے بہائو کو مزید بہتر بنائیں تاکہ اطراف کی آبادیوں کو برسات کے دوران اوور فلو کے خطرے سے محفوظ رکھا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :