کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس اورچائنا گرائونڈ میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے،میئر کراچی

منگل 24 اپریل 2018 19:26

کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس اورچائنا گرائونڈ میں قائم تجاوزات کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس اورچائنا گرائونڈ میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، منگل کے روز بھاری مشینری کے ذریعے پانچ میرج لان، مکسچر پلانٹ اور دیگر تجاوزات سپریم کورٹ کی ہدایت پر مسمار کردی گئیں، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام تجاوزات ختم کریں گے، لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا سے کہوں گا کہ وہ اب بس کردیں پہلے ہی کراچی بہت تباہ ہوچکا، گزشتہ بیس سال سے اسپورٹس کمپلیکس کو کمرشل سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جارہا تھاجس کو قبضہ مافیا کی سرپرستی حاصل تھی، تجاوزات اور غیر متعلقہ تعمیرات ختم کرکے اسپورٹس کمپلیکس کی تزئین نو کی جائے گی اور یہاں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی بہتر سہولتیں فراہم کریں گے، یہ بات انہوں نے منگل کی دوپہر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین اراضیات کمیٹی سیدارشد حسن، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی، ڈائریکٹر اسپورٹس آفتاب قائم خانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں کسی بھی جگہ کوئی بھی زمین لینڈ مافیا کے شکنجے سے محفوظ نہیں، شکر ہے کہ گزشتہ دس سال میں مزار قائد اعظم کی حدود میں تجاوزات قائم نہیں کی گئیں ورنہ قبضہ مافیا کے قدم وہاں بھی پہنچ گئے ہوتے، تجاوزات کے خاتمے اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز کی مکمل بحالی کے لئے سپریم کورٹ کے احکامات کا مکمل احترام کرتے ہیں اور اسی لئے بلا تاخیر ان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درخت ،سرسبز پارکس، کھلے مقامات اور کھیلوں کے میدان ہونے چاہئیں تاکہ فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل نکالا جائے اور ایسی پرفضا اور سرسبز جگہیں شہریوں کو فراہم کی جائیں جہاںبچے اور نئی نسل صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکے، دنیا کے تمام بڑے شہروں میں پارکس اور کھیل کے میدانوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے کیونکہ ان کا براہ راست تعلق شہریوں کی صحت اور نشو نما سے ہے لہٰذا ان کی حفاظت اور آبیاری انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کی حدود میں واقع تجاوزات کے خاتمے کے دوران اسپورٹس کمپلیکس میں لگے ہوئے تمام درختوںاور سبز قطعات کو محفوظ رکھنے کی ہدایت کردی ہے، ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے نوجوانوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں،کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول ،ٹینس لان، ہاکی ، اسٹیڈیم ، رولر ہاکی ایرینا ، اسکوائش اور دیگر انڈور گیمز سمیت کھیلوں کے لئے سہولیات موجود ہیں جنہیں مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑی یہاں پریکٹس کرکے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں اور کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے کر اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کریں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سمر کیمپ بھی منعقد کئے جائیں گے جس میں بچے اور نوجوان حصہ لے سکیں گے، مختلف کھیلوں سے متعلق ماہرین کوچز اور سابق کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی رہنمائی اور تربیت کی جائے، انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدانوں اور پارکوں پر قبضے کا مطلب کراچی کے شہریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم کرنا ہے، اس لئے کسی کو بھی اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ کھیل کے میدانوں اور اسپورٹس کمپلیکس کی جگہ پر قبضہ کرکے اسے کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کرے۔