ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی چھٹے انڈین اوشن نیول سمپوزیم کے دوران تہران میں ایران کی عسکری قیاد ت سے ملاقاتیں

منگل 24 اپریل 2018 18:16

ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی چھٹے انڈین اوشن نیول سمپوزیم کے دوران تہران ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی چھٹے انڈین اوشن نیول سمپوزیم میں شرکت کرنے کے لیے ان دنوں ایران کے سرکاری دورے پر ہیں۔ مذکورہ سمپوزیم کنکلیو آف چیفس (Conclave of Chiefs) 2018کے عنوان سے 23تا 25اپریل تہران میں منعقد ہورہا ہے۔دورے کے دوران نیول چیف نے کمانڈر اسلامک ریوو لیوشنیری گار ڈ کورز ،ریئر ایڈمرل علی فدوی ، ایران آرمی کے ڈپٹی کمانڈروائس ایڈمرل حبیب اللہ سیّاری اور ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خان زادی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خان زادی سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول باہمی بحری تعاون اور بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چھٹے انڈین نیول سمپوزیم میں شرکت کے لیے مدعو کرنے پر ریئر ایڈمرل حسین خان زادی کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں سربراہان نے پاکستان اور ایران کی بحری افواج کے مابین تربیت ، تکنیکی افرادی قوت اور مہارتوں کی فراہمی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ نے دونوں بحری افواج کے درمیان قریبی اور مضبوط بحری معاونت کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا ۔ اسلامک ریوولیوشنیری گارڈ کور زکے سربراہ ریئر ایڈمرل علی فدوی اورایران آرمی کے ڈپٹی کمانڈروائس ایڈمرل حبیب اللہ سیّاری سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی اور دفاعی تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایرانی حکام نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی نسبت کی بنیادوں پرقائم قریبی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا اور بحری خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

دونوں ممالک کے عسکری حکام نے پاکستان اور ایران کے درمیان بالعموم اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین بالخصوص دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :