پاکستانی قوم کرکٹ سے جنون کی حد تک محبت کرتی ہے، گورنر سندھ

سینئر افراد کو پلیٹ فارم مہیا کرنے میں پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کا کردار قابل تعریف ہے، ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب

منگل 24 اپریل 2018 18:16

پاکستانی قوم کرکٹ سے جنون کی حد تک محبت کرتی ہے، گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کرکٹ تمام پاکستانیوں کے لئے جنون کی حیثیت رکھتی ہے خصوصاً کسی ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد پورے ملک میں کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بولتا ہے اور نوجوانوں سے لے کر بوڑھے تک کرکٹ میچوں پر تبصرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوی ایشن کے قیام کے 20 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان، معین خان، وسیم باری، کرکٹرز شعیب محمد، سکندر بخت، جلال الدین ، اعجاز فقیہ کے علاوہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان، چیف ایگزیکٹیو عاشق حسین قریشی ، چوہدری منیر ، کرکٹر کمنٹیٹرز چشتی مجاہد، رائٹر قمر احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ اور ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورہ سے یہ بات ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگئی ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کے دیوانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیائے کرکٹ کے لئے یہ بات حیران کن ہے کہ ناکافی وسائل ، مناسب ٹریننگ سہولیات کی عدم دستیابی کے باوجود پاکستان نے بولنگ، بیٹنگ کے شعبوں میں کئی نامور کرکٹرز دئیے ہیں جو ان کے قدرتی ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حنیف محمد ، جاوید میانداد، انضمام الحق اور یونس خان جیسے بیٹسمین اور فضل محمود، وسیم اکرم، وقار یونس ، شعیب اختر ، عبدالقادر ، ثقلین مشتاق ، سعید اجمل جیسے بولرز نے صرف اور صرف اپنی صلاحیتوں کے باعث دنیا کے ہر میدان میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے، انہوں نے کہا کہ ویٹرنز کرکٹ کو مسلسل جاری رکھنے اور اسے عوام میں مقبول بنانے میں ایسوسی ایشن کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سال کے دوران ایسوسی ایشن نے نہ صرف ویٹرنز کرکٹ کو فروغ دیا بلکہ اسکول کرکٹ کی ترقی کے لئے بھی کاوشیں کیں جوکہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویٹرنز کرکٹ سے 40 سال سے زیادہ عمر کے کھلاڑیوں، عام افراد کو اپنی فٹنس برقرار رکھنے میں بھی مدد ملی ہے اور اب ایسوسی ایشن کی جانب سے سپر ویٹرنز کرکٹ کی پلاننگ سے 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو کرکٹ کھیلنے کے لئے ایک پلیٹ فارم میسر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی 65 سے زیادہ شہروں کی 113 ٹیموں کا الحاق بھی نہایت خوش آئند ہے۔ اس موقع پر فواد اعجاز خان اور عاشق حسین قریشی نے گورنر سندھ کو اپنی ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد ، کرکٹ کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر یونس خان ، وسیم باری ، معین خان اور دیگر افراد کو نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز اور شیلڈ بھی دی گئیں۔