شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مابین دوطرفہ تنازعات کو اجتماعی کام میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، وزیر دفاع خرم دستگیر

منگل 24 اپریل 2018 17:32

شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مابین دوطرفہ تنازعات کو اجتماعی ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) وزیر دفاع انجینئر خرم دستیگر نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مابین دوطرفہ تنازعات کو اجتماعی کام میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ وزیردفاع انجینئر خرم دستگیر نے منگل کو شنگھائی تعاون تنظیم کے دفاع کے وزراء کے 15 ویں اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت چین کے سٹیٹ کونسل اور قومی دفاع کے وزیر وائی فنگ ہی نے کی۔

اجلاس میں شنگھائی کے رکن ممالک چین، قزاخستان ، کرغزستان، روس، تاجکستان، ازبکستان کے وزراء اور بھارت کے سفیر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بیلا روس کے وزیر دفاع نے اجلاس میں مہمان کے طور پر شرکت کی ۔ وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر نے اپنے ہم منصبوں پر زور دیا کہ اجتماعی چیلنجز کا سامنا جرأت، ہم آہنگی اور تعاون سے کیا جائے۔ پاکستان نے گذشتہ سال جون میں باقاعدہ طور پر شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے وہ اس تنظیم کا فعال رکن ہے۔

وزیر دفاع نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبر کے طور پر پہلے سرکاری اجلاس میں شرکاء کے ساتھ اعلامیہ پر دستخط کئے۔ انہوں نے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ایک مشترکہ کمیونٹی کی تعمیر کی ’’شنگھائی سپرٹ‘‘ کیلئے اپنے تعاون کی پیشکش کی۔