کلام اقبال ؒ ہمیں احساس دلانے کے ساتھ منزل کا راستہ بھی دکھاتا ہے، اقبالؒ کے افکار کی پاسداری کرتے ہوئے تمام مسلمان حرم کی پاسبانی کیلئے اکٹھے ہو جائیں تو مسائل حل ہو سکتے ہیں،گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کا تقریب سے خطاب

منگل 24 اپریل 2018 17:32

کلام اقبال ؒ ہمیں احساس دلانے کے ساتھ منزل کا راستہ بھی دکھاتا ہے، اقبالؒ ..
لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار اور ان کی شخصیت ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ،ْ کلام اقبال ؒ ہمیں احساس دلانے کے ساتھ ساتھ منزل کا راستہ بھی دکھاتا ہے ،ْ ہمیں اقبال ؒ کے جذبے اور رہنمائی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ منگل کو ایوان اقبال لاہور میں اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام ’’انسانیت کو درپیش چیلنجز اور فکر اقبال ؒ ‘‘کے عنوان سے دو روزہ قومی اقبال کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی ،ْ منیب اقبال ،ْ ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی ،ْ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ انجینئر عامر حسن سمیت ملکی و غیر ملکی دانشوروں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے لیکن سب سے بڑھ کر پاکستان ہمارے لئے نعمت ہے جس کا خواب علامہ محمد اقبال ؒ نے دیکھا تھا ،ْ اگر ہم کلام اقبال پر نظر دوڑائیں تو اس میں مسلسل احساس موجود ہے،،ْ اقبال کا کلام ہمیں جھنجوڑنے کے ساتھ ساتھ منزل کا راستہ بھی دکھاتا ہے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس کو محسوس کریں ،ْ منزل کا راستہ دیکھیں اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں ،ْ ہمیں یوم اقبال ؒ کو سالانہ یاد کرنے کے بجائے ہر وقت یاد رکھنا چاہئے اور یہ بھی سوچنا چاہئے کہ ہم نے ملک کیلئے کیا کیا اور افکار اقبال پر کتنا عمل کیا ،ا گر ہم خود احتسابی کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ہم بہت پیچھے رہ گئے۔

گورنر نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایسے مشاہیر کسی نعمت سے کم نہیں ہوتے ،ْ بدقسمتی سے ہم ہر وقت ملک کی برائی کرتے ہیں ،ْ منفی پہلوئوں پر بات کرتے ہیں اورہمارے ہاں مثبت چیزیں پراپیگنڈوں کی نذر ہو جاتی ہیں ، ہمیں چاہئے کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے جذبے اور رہنمائی کودیکھیں اور اس پر عمل کریں اور ان کے افکار کو تسلسل کے ساتھ زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار کی پاسداری کرتے ہوئے تمام مسلمان ایک ہوں اور حرم کی پاسبانی کیلئے اکٹھے ہو جائیں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ’’کلیات اقبالؒ ‘‘ پر مشتمل موبائل ایپ کا افتتاح بھی کیا ۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔