نگران وزیراعظم کے نام پر پارٹی قیادت سے مشاورت نہیں ہوئی،خورشید شاہ

منگل 24 اپریل 2018 17:11

نگران وزیراعظم کے نام پر پارٹی قیادت سے مشاورت نہیں ہوئی،خورشید شاہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات جلد از جلد ہونے چاہئیں،نگران وزیراعظم کے نام پر پارٹی قیادت سے مشاورت نہیں ہوئی،آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی موجودگی میں پارٹی میں مشاورت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہو ںنے گزشتہ روز کیا۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم نیوٹرل ہو اور اس کا تعلق کسی پارٹی سے نہ ہو،پاکستان میں ہر آدمی کا کسی بھی پارٹی سے الحاق ضرور ہے،الحاق ہونا اور بات ہے کسی بھی پارٹی کا عہدے دار ہونا الگ بات ہے،ایسے شخص کا نام لینا جو کسی پارٹی میں عہدے دار رہا ہو نظر آئے گا کہ کسی پارٹی کا بندہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے شخص کو نگراں وزیراعظم بنانے سے گریز کیا جائے گا،میری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم نیوٹرل ہو اور ایڈمنسٹریشن میں ایگزیکٹو کام کر چکا ہو،جانے پہچانے اور تجربہ کار شخص کو ترجیح دی جائے گی،پوری کوشش ہو گی کہ میرے اور وزیراعظم کے درمیان نام پر اتفاق ہو جائے،پر امید ہوں کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے گا۔