سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی بلکہ تمام خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا

وزیر خارجہ خواجہ آصف کی چین کے نائب صدر وانگ قیشان سے بات چیت

منگل 24 اپریل 2018 17:05

سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی بلکہ تمام خطے کی ترقی میں اہم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی بلکہ تمام خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا۔یہ بات انہوں نے چین کے نائب صدر وانگ قیشان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو بیجنگ میں ایس سی او وزاراء خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے حالیہ انتخاب میں کامیابی پر چین کے نائب صدر کو مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ملکوںکے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔چین کے نائب صدر وانگ نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعلقات سدا بہار اور اور بین الریاستی تعلقات میں ایک ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی آزادی و خودمختاری اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کے حوالے سے چین کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ سی پیک چینی صدر جن پنگ کے ایک پٹی ایک سڑک انیشیٹیو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے،اور اس پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے جبکہ کئی منصوبے یا تو مکمل ہو چکے ہیں یا تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماوں نے ملاقات کے دوران مختلف دو طرفہ،علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اورپاکستان اور چین کے درمیان تمام امور پر سٹریٹجک کمیونیکشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔