Live Updates

رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر عارف علوی کاسیکرٹری الیکشن کمیشن سے ٹیلی فونک رابطہ

ووٹرز کے اندراج اور ووٹ کی منتقلی کیلئے تاریخ میں توسیع کرنے کے حوالے سے بات چیت کی

منگل 24 اپریل 2018 16:41

رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر عارف علوی کاسیکرٹری الیکشن کمیشن سے ٹیلی فونک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کو سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ انہوں نے ووٹرز کے اندراج اور ووٹ کی منتقلی کے لئے تاریخ میں توسیع کرنے کے حوالے سے بات چیت کی۔ ایم این اے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں گرمی کی شدت کبھی بڑھ جاتی ہے کبھی کم ہوتی ہے لیکن درجہ حرارت کم بھی ہو تو دھوپ پریشان کرتی ہے۔

ایسے میں ڈسپلے سینٹرز پر عوام کا رش لگا ہوا ہے ۔عوام اپنے ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے ڈسپلے سینٹرز پر جمع ہیں اور اس بار زیادہ سے زیادہ تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔ اس لیے ووٹرز کے اندراج اور ووٹ کی منتقلی کے لیے تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ تمام افراد اپنے ووٹ کا اندراج اور منتقلی کروا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شکایت کی کہ ڈسپلے سینٹرز میں موجود سرکاری عملے کا رویہ عوام کے ساتھ درست نہیں۔

عوام گرمی میں ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے آئے ہیں اور سرکاری عملہ ان کے ساتھ تعاون میں پس و پیش سے کام لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ڈسپلے سینٹرز سے سرکاری عملہ ہی غائب ہے ۔اس سے عوام کو اندراج اور ووٹ کی منتقلی میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ عوام تپتی دھوپ اور گرمی میں پریشان ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹرز کے اندراج اور منتقلی کے لئے تاریخ کو بڑھا کر تیس اپریل تک کیا جانا چاہئے تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس بار ووٹ دے کر الیکشن کے نتائج کو جامع اور مثبت سمت میں لے جاسکیں۔ اس پر سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے تاریخ میں توسیع کی یقین دہانی کروائی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات