مودی حکومت کا رویہ جموںو کشمیر کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے، سی پی آئی۔ ایم

منگل 24 اپریل 2018 15:20

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)نے مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں لوگوں کا احساس محرومی خطرناک حد تک بڑھ چکاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سی پی آئی ۔ایم نے بھارتی شہر حیدر آباد میں اپنے بائیسویں اجلاس کے بعد جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ یہ مودی حکومت کی طرف سے وادی کشمیر میں عوامی احتجاج کو دبانے کے لئے کسی سیاسی عمل کے بجائے طاقت کے وحشیانہ استعمال کا براہ راست نتیجہ ہے۔

بیان میںکہاگیاکہ اسی وجہ سے بندوق اٹھانے والے مقامی نوجوانوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے اتحاد سے جموں او ر وادی کشمیرکے درمیان فرقہ وارانہ تقسیم مزید گہری ہوگئی ہے اور کٹھوعہ میں آٹھ سالہ بچی کی آرو ریزی اور قتل کے موقع پر ملزموں کے حق میں فرقہ پرستوں کا حرکت میں آنا بھی اسی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی کی حکومت جموں وکشمیر کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے اور اس سے بچنے کا واحد طریقہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کا سیاسی عمل کے ذریعے حل تلاش کرنا ہے۔ اجلاس نے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ سخت اور محاذ آرائی کا رویہ ترک کرکے تما م فریقین سے سیاسی مذاکرات شروع کرے۔ بیا ن میں تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر بھی زوردیا گیا ہے۔