مقبوضہ کشمیر، تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کا بہترین طریقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، مختار وازہ

منگل 24 اپریل 2018 15:20

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںو کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کو سیاسی طورپر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے ضلع اسلام آباد میںبجبہاڑہ کے علاقے مہند میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق سیاسی طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اور مزاحمتی قیادت بار بار کہتی رہی ہے کہ یہ ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کو حل کرنے کے لیے بھارت اور پاکستان کو سیاسی طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہو ںنے کہاکہ اس مسئلے کو حل کرنے کا بہترین طریقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے۔

(جاری ہے)

مختار وازہ نے بھارت پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے نفاذ کو منسوخ کرے جس سے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ اگر بھارت اس قانون کو شمال مشرقی ریاستوں سے ختم کرسکتا ہے تو کشمیر سے کیوں نہیں اجلاس میں جنوبی کشمیر کے پارٹی ارکان نثار احمد راتھر، مولوی محمد رفیق، شبیر نانوائی، ریاض احمد، فیاض احمد اور لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔