موبائل فون نہیں یا اس میں بیلنس نہیں تو کیا ہوا؟ پولیس کی مدد اب ایک بٹن کی دوری پر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 24 اپریل 2018 15:18

موبائل فون نہیں یا اس میں بیلنس نہیں تو کیا ہوا؟ پولیس کی مدد اب ایک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اپریل 2018ء) : موبائل فون نہیں ہے یا پھر موبائل فون میں بیلنس نہیں ہے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ اب پولیس کی مدد حاصل کرنے کے لیے صرف ایک بٹن دبانے کی ضرورت ہو گی۔ لاہور کی اہم شاہراہوں پر پولیس کی مدد طلب کرنے کے لیے 15 کال باکسز دستیاب ہوں گے۔شہر بھر میں تین سو کال باکسز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں مال روڈ اور جیل روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر ان کال باکسز کی تنصیب کا کام ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن کمانڈر پی پی آئی سی تھری کا کہنا ہے کہ ان کال باکسز کا مقصد یہ ہے کہ اگر کسی شہری سے موبائل چھین لیا جاتا ہے یا اگر کوئی معذور شخص ہے یا کوئی ایسا شہری جس کے پاس موبائل نہیں ہے اور وہ کوئی ایسی صورتحال دیکھتا ہے جس میں پولیس کی مدد درکار ہو گی تو وہ اس کال باکس پر لگا بٹن دبائے گا اور ہمارا اسٹاف اس سے بات کر کے صورتحال سے متعلق تفصیلات جانے گا۔ پنجاب سیف سٹی کی اس سروس کو شہریوں کی جانب سے بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں سے گذارش ہے کہ اس سروس کا بلا ضرورت استعمال نہ کریں تب ہی شہریوں کو فوری سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔