Live Updates

سینٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے کا الزام: تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی نے جوڈیشل انکوائری کامطالبہ کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 اپریل 2018 14:41

سینٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے کا الزام: تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی ..
نوشہرہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 اپریل۔2018ء) سینٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے کے الزام کا شکار ہونے والے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین نے جوڈیشل کمیشن کے ذریعے معاملے کی انکوائری کروانے کامطالبہ کردیا ہے۔نوشہرہ میں یاسین خلیل قربان علی سمیت تحریک انصاف کے11 اراکین اسمبلی کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی۔ اراکین نے پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کی جانب سے ملنے والے شوکاز نوٹس کو بھی پھاڑ دیا جبکہ پارٹی کو15 دن میں لگائے گئے الزامات کے ثبوت فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔

اراکین نے بصورت دیگر عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ 18 اپریل کو پریس کانفرنس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں پیسے لے کر ووٹ دینے والے 20 اراکین کا انکشاف کیا تھا۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کہنا تھا کہ ابھی شوکاز نوٹس دے رہے ہیں، جواب نہ آیا تو اپنے ایک تہائی اراکین اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیں گے۔ ضمیر فروشوں کے نام نیب کو دیں گے۔سینیٹ الیکشن میں پیسے لے کر ووٹ دینے والوں مبینہ افراد میں دینا ناز، نگینہ خان، فوزیہ، نسیم حیات، سردار ادریس، عبید میار، زاہد درانی، عبدالحق، قربان خان، امجد آفریدی، عارف یوسف، جاوید نسیم، یاسین خلیل، فیصل زمان، سمیع علی زئی، معراج ہمایوں، خاتون بی بی، بابر سلیم اور وجیہہ الزمان شامل ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات