بھارت ہٹ دھرمی ترک کرکے پاکستان اور کشمیریوں کیساتھ غیر مشروط مذاکرات کرے ،ڈاکٹر فاروق عبداللہ

مکمل اور دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیر کاحل ناگزیر ہے، کارکنوں سے بات چیت

منگل 24 اپریل 2018 13:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) صدر نیشنل کانفرنس اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر خلوص نیت کیساتھ تمام متعلقین کیساتھ مذاکرات شروع کرنے سے ہی کشمیر کے حالات میں ٹھہراؤ آسکتا ہے اور یہ ٹھہراؤاُس وقت مکمل اور دیرپا امن وامان میں تبدیل ہوگا جب اس دیرینہ مسئلے کا سیاسی حل سامنے نکل کر آئے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود پارٹی عہدیداروں ور کارکنوں کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا موجودہ حالات کو تشویشناک اور نازک قرار دیتے ہوئے صدر نیشنل کانفرنس نے کہا کہ جو لہراس وقت ریاست خصوصاً وادی میں جاری ہے وہ کسی بھی زاوئے سے سودمند نہیں کشمیر میں بحران کی حد یہ ہے کہ مسلسل طور پر یہاں کے تعلیمی ادارے بند کرنے پڑے رہے ہیں بے چینی اور کشیدگی اب کشمیر کی دانشگاہوں کے اندر بھی داخل ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہر ایک بحران کی وجہ مسئلہ کشمیر کو طول دینا ہے نئی دہلی اور ریاستی حکومت کی غلط پالیسیوں سے آج کشمیر الگ تھلگ ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دل اور بھروسہ جیتنا نئی دہلی کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ہٹ دھرمی اور انا کا راستہ ترک کرکے پاکستان اور کشمیریوں کیساتھ غیر مشروط مذاکرات شروع کرنے چاہیں انہون نے کہا کہ پہلی فرصت میں تمام متعلقین کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات شروع ہونے چاہیے انہون نے کہا کہ جس طرح سے جمون جموں میں مسلمانوں کے خلاف حکومت کی پشت پناہی کی مہم چلائی جارہی ہے وہ قابل افسوس اور تشویشناک ہے