جب تک پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تنخواہ نہیں ملتی، اپنی تنخواہ نہیں لوں گا،چیف جسٹس

منگل 24 اپریل 2018 13:16

جب تک پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تنخواہ نہیں ملتی، اپنی تنخواہ نہیں لوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ جب تک پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل جاتیں اس وقت تک اپنی تنخواہ بھی نہیں لونگا،ایڈیشنل رجسٹرار صاحب یہ حکم ہے، میرے اکا ئو نٹ میں چیک ڈیپازٹ نہیں کرانا،جب تک ملک بھر کے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملتیں میرے اکا ئو نٹ میں چیک نہیں آنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ(پی ڈبلیو ڈی) ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنی تنخواہ لینے سے بھی انکار کر دیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ جب تک باقی سرکاری ملازمین کو تنخوا ہ نہیں ملے گی مجھے بھی تنخواہ نہ دی جائے، یہ عام ہو چکا ہے کہ سرکاری ملازمین کو یکم کو تنخواہ نہیں ملتی۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ریاست کے تمام ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی تک چیف جسٹس کو تنخواہ نہ دی جائے، چیف جسٹس نے ایڈیشنل رجسٹرار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'ایڈیشنل رجسٹرار صاحب یہ حکم ہے، میرے اکا ئو نٹ میں چیک ڈیپازٹ نہیں کرانا۔ ملازمین کو ادائیگی کی تصدیق کے بعد میرا چیک میرے اسٹاف کو دیں۔