وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں وفد کی ملاقات

پیر 23 اپریل 2018 23:20

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے گورنر ہائوس کراچی میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ ( ن) سندھ کے صدر و دیگر رہنمائوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ سندھ کے عوام میں یہ صدا گونج رہی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی ان کے مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز لیاری اور بلدیہ ٹائون کے جلسوں میں لوگوں کا بے پناہ جوش دیکھا، ایسا جوش اگر پنجاب میں ہو تو وہ اچھنبے کی بات نہیں لیکن سندھ میں اچھنبے کی بات ضرور ہے، شہر کراچی کے لوگوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاست کے میدان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن ہر اول دستہ ہیں، کارکنوں میں اتحاد اور اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بہت جلد اندرون سندھ کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی سطح پر عہدیداروں سے ملاقات کروں گا۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ ماضی پر رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں، کارکن لوگوں کی دیوانہ وار خدمت کریں، کراچی میں امن کی بحالی، بھتہ خوری اور قتل وغارت کا خاتمہ محمد نواز شریف کی بصیرت کا ثبوت ہے، کراچی میں امن کو بحال کرنے میں پاک فوج اور رینجرز کا کردار قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کا کے ۔4 منصوبہ، توانائی، سڑکوں اور موٹر وے محمد نواز شریف کے منصوبے ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک ہفتے میں جس طرح سندھ میں ڈبل انٹری ڈالی ہے مخالف جماعتیں پریشان ہو گئی ہیں۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری سینیٹر سلیم ضیاء، سینیٹر اسد جونیجو، شفقت شیرازی، زین انصاری، علی اکبر گجر اور سندھ بھر سے پارٹی کے ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے۔