شناختی کارڈ کا حصول ہر پاکستانی کا حق ہے، نادرا کے عملے نے عوام کیلئے شناختی کارڈ کا حصول ناممکن بنادیا گیا ہے،نواب سلمان خلجی

پیر 23 اپریل 2018 23:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) خلجی قومی اتحا د انٹرنیشنل اورعوامی مجلس عمل پاکستان کے زیر اہتمام پیر کو نواب سلمان خلجی کی قیادت میں نادرا اہلکاروں کے ناروارویئے اورعوام کو بلاجواز تنگ کرنے کے خلاف نادرا ڈبل روڈ دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے۔

مظاہرین سے خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے سربراہ نواب سلمان خلجی نے کہا کہ شناختی کارڈ کا حصول ہر پاکستانی کا حق ہے لیکن نادرا کے عملے نے عوام کیلئے شناختی کارڈ کا حصول ناممکن بنادیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شناختی کارڈ کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کے ساتھ نادرا کے اہلکاروں کا رویہ درست نہیں ہے جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے نادرااہلکاروں کی جانب سے لوگوں کے شناختی کارڈ بلاجوازبلاک کرکے اور شناختی کارڈ بنانے کیلئے آنے والے شہریوں سے رشؤت طلب کرتے ہیں اور رشوت نہ دینے پر لوگوں کو دفاتر کے چکر لگائے جاتے ہیں جس کی خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل اور عوامی مجلس عمل پاکستان اجازت نہیں دے گی۔ نواب سلمان خلجی نے کہا کہ نادرا اہلکاروں کی جانب سے عوام کو تنگ کرنے کے بارے میں متعدد بار نادرا کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے اور غریب اور مزدور سارا سارا دن شناختی کارڈ کے حصول کیلئے لائنوں میں کھڑے رہتے ہیں جب انکا نمبر آتا ہے تو انکے کاغذات پر بلاجواز اعتراضات لگادیئے جاتے ہیں جس سے انہیںشدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرنادرا حکام نے شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے اورشناختی کارڈ بنانے کیلئے آنے والے شہریوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا تو خلجی قومی اتحاد اور عوامی مجلس عمل عوام کے ساتھ ملکرسخت سے سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔