ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کا مختلف مقامات پر غیر سند یافتہ ڈاکٹروں، حکیموں ، میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریز کے خلاف کریک ڈائون

پیر 23 اپریل 2018 22:38

ڈیرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ڈیرہ نے مختلف مقامات پر غیر سند یافتہ ڈاکٹروں ، حکیموں ، میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریز کے خلاف کریک ڈائون کے دوران تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان میں چھ جبکہ تحصیل پہاڑپور میں سات کلینکس/میڈیکل سٹورز سیل جبکہ چھ عطائی گرفتارکرلئے۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فہید الله خان نے آج بنوں چنگی کے آس پاس کے علاقوں میں 15میڈیکل سٹورز اور کلینکس پر چھاپے مارے جن میں سے آٹھ کلینکس /میڈیکل سٹورز کو سیل کر کے وہاں پر کام کرنے والے عطائیوں کو گرفتار کر لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ عطائیوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کاروائی کی جائیگی تاکہ لوگوں کی صحت اور زندگیوں سے کھیلنے والے لالچی عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے جبکہ دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور پیر محمد محسود نے بھی شہر اور مضافات کے 25میڈیکل سٹورز/کلینکس کا معائنہ کیا جس میں سے 7کو مطلوبہ دستاویزات کی عدم موجودگی کی بنا پر سیل کر دیاگیا۔

(جاری ہے)

پورے ضلع سے آمدہ اطلاعات کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے عطائیوں اور غیر قانونی پریکٹس کرنے والے نیم حکیموں کے خلاف کاروائی کے احکامات کے بعد بہت سے افراد نے قانونی کاروائی سے بچنے کیلئے اپنی دکانیں اور مطب بند کر کے راہ فرار اختیار کر لی ہے لیکن ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کی صحت سے کھیلنے والے اور غیر قانونی پریکٹس کرنے والے عناصر کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی اور اس سلسلے میں کسی سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :