چند غنڈہ عناصر کے ہاتھوں ڈی جی پی آر آفس کو یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا‘ترجمان ڈی جی پی آر

پولیس انکوائری میں ثابت ہو چکا کہ کلرک یونین کے صدر تصور چودھری نے خود اپنے سر پر بلیڈ مار کر حملے کا ڈرامہ رچایا ہے، ترجمان کلرک یونین نے مزاربابا غیب شاہ کی کروڑوں روپے کی رقم خردبرد کی ۔مزار کی آمدن کے حساب سے بچنے کیلئے یونین غنڈہ گردی پر اتر آئی یونین صدر اپنے بہنوئی کی نوکری میں غیر قانونی توسیع نہ ہونے پر منفی ہتھکنڈوں پر اتر آیا ۔ ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی

پیر 23 اپریل 2018 22:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) ترجمان محکمہ تعلقات عامہ پنجاب نے کہا ہے کہ چند غنڈہ عناصر کے ہاتھوں ڈی جی پی آر آفس کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔دفتری املاک کو نقصان اور افسران سے بدسلوکی کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ کلرک یونین کے افسران پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔یونین کے لوگ دفتر کے ملازمین سے غلط بیانی کرکے انہیں گمراہ کررہے ہیں ۔

یونین عہدیداروں نے لیڈی افسران کو گھسیٹ کر کمرے سے باہر نکالاجس سے انہیں زخم بھی آئے۔یونین عہدیداروں نے ملتان اور راولپنڈی سے آئی لیڈی افسران کی سرکاری گاڑی پر حملہ کرکے ونڈ سکرین توڑ دی اور لیڈی افسران کو حراساں کرنے کے مرتکب ہوئے ۔ یونین عہدیداروںکی خواتین افسران سے ہاتھا پائی اور گالم گلوچ مذموم حرکت ہے ۔

(جاری ہے)

یونین صدر ملازمین کی ٹرانسفر، پوسٹنگ اور پروموشن کے معاملات اپنی مرضی کے مطابق کرانا چاہتا ہے ۔

غنڈہ گردی اور لیڈی افسران کی توہین کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں ترجمان ڈی جی پی آر نے کہا کہ22 ملازمین کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اورہنگامہ آرائی پر معطل کیا گیااورامن پسند اور کام کرنے والے ملازمین کے ڈی جی پی آرآفس میں داخلے پر کوئی پابندی نہیں۔ملازمین اورقیمتی ریکارڈکی حفاظت کیلئے دفتر میںفول پروف سکیورٹی موجود ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ بیرونی عناصراورشرپسندوں کو ڈی جی پی آر آفس میں داخل نہیں ہونے دیا جا ئے گا۔ یہ فیصلہ قیمتی سرکاری ریکارڈ اور افسران کی حفاظت اوردھمکیوں کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ یونین کے صدر تصور چوہدری کازخم خودساختہ ہے اور یہ بات پولیس انکوائری میں بھی ثابت ہو چکی ہے کہ کلرک یونین کے صدر نے خود اپنے سر پر بلیڈ مار کر حملے کا ڈرامہ کیا۔

حقیقت یہ ہے کہ یونین صدر تصور چوہدری مجرمانہ پس منظر کاحامل ہے اس نے ڈرا دھمکا کر یونین کے نام پر ملازمین کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ کلرک یونین نے مزاربابا غیب شاہ کی کروڑوں روپے کی رقم خردبرد کی ہے اورمزار کی آمدن کے گذشتہ 10سال کے حساب سے بچنے کیلئے یونین عہدیدار غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیںاور ڈرامہ کر رہے ہیں۔ یونین صدر اپنے بہنوئی ارشد ڈرائیورکی نوکری میں غیر قانونی توسیع نہ ہونے پر منفی ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے جبکہ انتظامیہ نے میرٹ اورقواعدسے ہٹ کر کوئی بھی کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ہنگامہ آرائی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائری کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ ترجمان نے تمام ملازمین کو اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہنے اور کسی بھی قسم کی تخریبی کارروائیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔