جب تک ہم اسلامی احکامات پر عمل نہیں کرتے ہمیں ان کی افادیت کا اندازہ نہیں ہو سکتا،علامہ فیاض بشیر قادری

پیر 23 اپریل 2018 22:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ فیاض بشیر قادری نے کہا ہے کہ جب تک ہم اسلامی احکامات پر عمل نہیں کرتے ہمیں ان کی افادیت کا اندازہ نہیں ہو سکتا ،قدرت نے انسان کی معاشی خوشحالی کو تنگ دست ،مجبور اور معذور افراد کی مدد سے مشروط کیاہے ، انفاق نمازکے بعد قرآن کا دوسرا بڑا حکم ہے جس کے نتیجے میں دس سے سات سو گنا تک واپسی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ،مگر ہم اس پر عمل پیرا ہونے سے گریزاں ہیںجبکہ رزق کی تنگی کا شکوہ بھی کرتے ہیں،تحریک منہاج القرآن فرد جبکہ پاکستان عوامی تحریک نظام کی درستگی کیلئے کوشاں ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن پیپلز کالونی کے زیراہتما م جامع مسجد خضریٰ گلی نمبر دو میں منعقدہ درس عرفان القرآن کی ماہانہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں اہل علاقہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے علامہ فیاض بشیر قادری نے کہاکہ اسلامی تعلیمات میں زندگی کے تمام مسائل کا حل موجود ہے ،بہت سے مسائل کو انفرادی سطح پر کوششو ں سے حل کیا جاسکتا ہے ،اسلام نے صفائی کو نصف ایمان کہاہے ،بہت سی بیماریوںسے صرف صفائی کے بنیادی اصولوں پر عمل کرنے سے بچا جاسکتا ہے ،رزق حلال خاندان بھر کو بہت سے رذائل سے محفوظ رکھتا ہے، رات جلد سونا ،صبح سویرے اٹھنا ،سادہ خوراک ،کم کھانے ،بولنے اور سونے کو طبی ماہرین نے صحت کا ضامن قرار دیا ہے ، نبوی خوراک ہمارے کچن کا حصہ نہ ہونے کی وجہ سے معدے کے مسائل بڑھتے ہی جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر ہم ایک کامیاب معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں تو ہمیں مغرب کی بجائے قرآن وسنت کی غلامی میں آنا ہو گا ،ڈاکٹر طاہر القادری فرد اور نظام دونوں کی درستگی کیلئے کوشاں ہیں۔