ٹھٹھہ: کینجھر جھیل پر آنے والے سیاحوں سے پولیس کی بھتہ وصولی

سکریٹری سیاحت نے معاملے کا نوٹس لے لیا، پولیس کی جانب سے محکمہ کے معاملات میں بے جا مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو خط ارسال

پیر 23 اپریل 2018 22:20

ٹھٹھہ: کینجھر جھیل پر آنے والے سیاحوں سے پولیس کی بھتہ وصولی
ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) کینجھر جھیل پر آنے والے سیاحوں سے پولیس کی بھتہ وصولی، سکریٹری سیاحت نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی آمد کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی سندھ کے تاریخی کینجھر جھیل پر تفریح کے لیے آنیوالوں کا رش بڑھ گیا ہے اور روزانہ کراچی اور حیدر آباد سمیت دیگر شہروں سے ہزاروں افراد اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ پکنک منانے کے لیے جھیل پر آتے ہیں جہاں وہ جھیل میں نہانے اور کشتی رانی کا لطف اٹھانے کے ساتھ ساتھ اپنے ہمراہ لائے ہوئے مزیدار کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوتے تاہم اس وقت کینجھر تھانہ کی پولیس نے تفریح کے لیے آنے والے افراد کو تنگ کرنا شروع کردیا، پولیس اہلکار تلاشی کے بہانے جھیل پر پکنک منانے کے لیے آنے والی ویگنوں، بسوں، موٹر سائیکل اور کار سواروں کو روک کر ان سے بھتہ طلب کرتے ہیں اور رقم نہ دینے پر گاڑیوں سے اتار کر مختلف بہانوں سے انہیں تنگ کیا جاتا ہے، پولیس کی زیادتیوں سے تنگ شہریوں نے بتایا کہ مقامی پولیس تلاشی کے بہانے روک کر بھتہ وصول کر رہی ہے اور نہ دینے پر لوگوں کو مختلف ہتھکنڈوں سے ہراساں و پریشان کرتی ہے، دریں اثنا ایس ٹی ڈی سی کینجھر جھیل کے انچارج عدیل قریشی نے صحافیوں کو بتایا کہ کینجھر تھانہ کی پولیس کو بھتہ وصولی کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے جھیل پر آنے والے سیاحوں کو تنگ کرنے کے علاوہ پولیس نے محکمہ سیاحت کی ہٹس پر بھی غیر قانونی قبضہ کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ مزید ہٹس نہ دینے پر پولیس اہلکاروں نے ان کے دفتر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ بھی کی اور محکمہ سیاحت کا سامان اٹھا کر لے گئے، جبکہ ایس ایچ او کینجھر تھانہ نے انہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ہٹس کی بکنگ کے علاوہ عملے کی تفصیلات تھانہ پر آکر فراہم کریں اور اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو کسی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کی صورت میں وہ اس کے ذمہ دار ہونگے اور ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیاحوں سے پولیس کی زیادتیوں اور محکمہ کے امور میں مداخلت کے خلاف سیاحت، ثقافت و نوادرات کے صوبائی وزیر اور ایم ڈی سے شکایت کی ہے جبکہ آئی جی سندھ کو بھی شکایت کی جائے گی۔ دریں اثںا سکریٹری محکمہ سیاحت نے کینجھر پولیس کی جانب سے محکمہ کے معاملات میں بے جا مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ایک خط ارسال کیا کرکے پولیس کے ناروا رویے کے متعلق آگاہ کیا ہے جبکہ دوسری جانب ایم ڈی محکمہ سیاحت روشن علی کناسرو نے بھی پیر کے روز کینجھر جھیل پہنچ کر انچارج ایس ٹی ڈی سی عدیل قریشی سے معاملے کے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔#