موجودہ حکومت صوبے میں فروغ تعلیم اور تعلیم میں جدت پیداکرنے کے لئے جو منصوبے سامنے لارہی ہے یقینا اس سے نوجوانوں کو ایک نیا ولولہ اور جوش و جذبہ ملا ہے

اس میں پاک فوج کا تعاون بھی حاصل ہے ،ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی کاخوشحال بلوچستان ‘‘پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے خضدار کے اسٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پُروقار تقریب سے خطاب

پیر 23 اپریل 2018 22:20

کوئٹہ۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) خوشحال بلوچستان ‘‘پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے خضدار کے اسٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پُروقار تقریب بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں منعقدہ ہوئی ، تقریب کے مہمان خاص ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی تھے ۔ضلع خضدار کے مختلف گورنمنٹ و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک، غریب و ہونہارطلباء و طالبات کومیرٹ، ومنصفانہ اندازمیں لیپ ٹاپ کے لئے منتخب کیا گیا تھا، سوشل ایکٹوسٹ بی بی ہماء رئیسانی ،سردار نصراللہ ساسولی ، سردارمہراللہ قمبرانی ، سردار محمد حیات ساجدی ، میرمنیراحمد محمد زئی مینگل ،میر فدا قلندرانی ،میر فیاض زنگیجو نے 250طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے ۔

(جاری ہے)

جب کہ میر اورنگزیب زہری ،سرداربلند خان غلامانی، سردارعزیز محمد عمرانی ،میر عتیق ساجدی ، مراد گزوزئی، انجینئر رضاء زہری، سعداللہ مینگل سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، طلباء و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی اور سوشل ایکٹوسٹ بی بی ہماء رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکومت صوبے میں فروغ تعلیم اور تعلیم میں جدت پیداکرنے کے لئے جو منصوبے سامنے لارہی ہے یقینا اس سے نوجوانوں کو ایک نیا ولولہ اور جوش و جذبہ ملا ہے اس میں پاک فوج کا تعاون بھی حاصل ہے ۔

غریب ، ہونہار و مستحق طلباء کو جس منصفانہ انداز میں لیپ ٹاپ فراہم کئے جارہے ہیں اس سے نوجوانوں کو حوصلہ ملاہے اوران کی تعلیم میں نکھارپیداہوئی ہے ۔ لیپ ٹاپ کی سہولت ملنے سے نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے نوجوانوں کو مطالعہ کا موقع میسر آسکے گا بلکہ وہ اس سہولت کو امتحان کی تیاری تدریسی فائدے کے لئیے کام میں لاسکیں گے ۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ جن خوش نصیبوں کو لیپ ٹاپ ملا ہے وہ اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائیں اور جن اسٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ نہیں ملا ہے وہ حوصلہ رکھیں انشاء اللہ اگلی باری ان کی ہوگی ۔

انہوںنے کہاکہ آج کے نوجوان اپنے آپ کو کسی بھی طر ح کم تر نہ سمجھیں آپ مستقبل کے معمار ہیں آپ ہی میں سے ایک لیڈر پیدا ہوگا اور آپ ہی میں سے باصلاحیت رہنماء مستقبل میں قوم کی باگ ڈور سنبھالے گا ۔ طلباء اپنی محنت جدوجہد جاری رکھیں انشاء اللہ کامیابی آپ کی قدم چومے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک پیارا ملک دیا ہے سی پیک کی صورت میں ملک کے سامنے خوشحالی اور تجارتی و معاشی ترقی کا ایک بحر بیکراں موجود ہے ، یہاں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی کھیپ کی ضرورت پڑے گی خوشحالی آئے گی بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا بلوچستان سمیت پورا ملک ترقی کریگا ۔ترقی کا یہ سفر بلوچستان سے شروع ہو کر پورے ملک میں پھیلے گا ۔