بھارتی مزاحیہ اداکار راج پال یادیو کو 6 ماہ قید کی سزا

پیر 23 اپریل 2018 22:11

بھارتی مزاحیہ اداکار راج پال یادیو کو 6 ماہ قید کی سزا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) بالی وڈ کے مزاحیہ اداکار راج پال یادیو کو عدالت نے چیک باؤنس کیس میں 6 ماہ قید اور 11 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے جرمانے کی سزا سنادی۔اداکار اور ان کی اہلیہ پر بھارتی بزنس مین نے مقدمہ درج کرایا تھا جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ اداکار نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم اتاپتا لاپتہ کے لیے 5 کروڑ بھارتی روپے کا قرضہ لیا اور مقررہ مدت میں اس کی واپسی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

قرض کی عدم ادائیگی کے حوالے سے کامیڈین پر 7 مقدمات درج کیے گئے تھے جن پر انہیں 6 ماہ قید اور ہر مقدمے میں ایک کروڑ 60 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، مجموعی طور پر انہیں 11 کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔راج پال یادیو کو سزا سنائے جانے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے جب کہ اداکار نے سزا کے خلاف اعلیٰ عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔عدالت نے مقدمے میں شامل اداکار کی اہلیہ کو بھی 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔یاد رہے کہ راج پال یادیو کئی شہرہ آفاق فلموں میں کام کرچکے ہیں لیکن ان کی شہرت کامیڈی کرداروں کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کیریئر میں کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا ہے جس میں کمپنی‘چور مچائے شو’چھپ چھپ کے‘ اور ’پارٹنر‘ شامل ہیں۔