کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ تشویشناک ، ترجمان قائد ملت جعفریہ

علامہ عارف واحدی سے سکیورٹی واپس لینے پر بھی تشویش کا اظہار، سیکورٹی واپس کی جائے ، مطالبہ

پیر 23 اپریل 2018 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہاہے کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے دو مزید افراد کی ٹارگٹ کلنگ نے بہت سے سوالات اٹھادیے ہیں، دہشت گردی کیخلاف اقدامات اور کریڈٹ کو برقرار رکھنے کیلئے ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات اور اس کے پیچھے محرکات کا قلع قمع کیا جائے،ایک بے گناہ پاکستانی کا قتل پوری قوم کے قتل کے مترادف ہے، ایسی صورتحال میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ عارف حسین واحدی کی سرکاری سیکورٹی واپس لینے پر تشویش کا اظہار ، سیکورٹی واپس کی جائے ۔

ترجمان نے اپنے بیان میں گزشتہ روز کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے دو افراد کی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف دہشت گردی ، انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے بلند و بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن دوسری جانب مسلسل ہزارہ برادری دہشت گردوں کے نشانہ پر ہے، کراچی سے ڈیرہ اسماعیل تک ٹارگٹ کلنگ کا نیا سلسلہ گزشتہ کچھ عرصہ سے دوبارہ سر اٹھا رہاہے لیکن افسوس اس جانب توجہ نہیں دی جارہی ، حالیہ واقعہ نے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے، یہ ٹارگٹ کلرز کس کے کنٹرول میں ہیں ، یہ کہاں سے آتے ہیں کہ اتنی طاقت ، فورسز اور اقدامات کے باوجود یہ انسانیت کے دشمن آناً فاناً آتے ہیں اور بے گناہ افراد کو ٹارگٹ کرکے فرار ہوجاتے ہیں مگر یہ سیکورٹی فورسز کے ہتھے نہیں چڑھتے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ایک بے گناہ پاکستانی کا قتل پوری قوم کے قتل کے مترادف ہے اور ایسے اقدامات اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر پانی پھیرنے بھی مترادف ہے، ان ٹارگٹ کلرز ، دہشت گردوں اور فتنہ پروروں کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔ دوسری جانب ترجمان نے معروف عالم دین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ عارف حسین واحدی سے سرکاری سیکورٹی واپس لینے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ ایسے حالات کے پیش نظر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سیکورٹی واپس کی جائے جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔