پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو کہ غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو بھی ملک کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچاتی ہے، سینیٹر کرشنا کماری کولہی

دیگر سیاسی جماعتوں میں نچلے طبقے کے افراد کو ان ایوانوں میں بھیجنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، پنگریو میں میڈیا سے بات چیت

پیر 23 اپریل 2018 21:18

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کرشنا کماری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو کہ غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو بھی ملک کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچاتی ہے دیگر سیاسی جماعتوں میں نچلے طبقے کے افراد کو ان ایوانوں میں بھیجنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا پنگریو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دفتر میں میڈیا سے بات چیت اور نواحی گائوں چنو ںکولہی میں اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبا لئے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ میرا تعلق تھر پارکر کی کولہی برادری کی غریب فیملی سے ہے مگر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی قیادت نے ملک کے سب سے اعلیٰ ایوان سینیٹ کا ممبر منتخب کراکر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر سیاست کرتی ہے پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ اس پارٹی نے کارکنوں کی وارثی کرنے اور انہیں اہمیت دینے کی روائت قائم کی اور کوئی بھی دوسری جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا اس میدان میں مقابلہ نہیں کرسکتی یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکن بھی اپنی پارٹی کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں یہ پیپلز پارٹی کی قیادت کارکن ہی تھے جنہوں نے ڈکٹیٹروں کے خلاف جدوجہد کی ایک تاریخ رقم کی ملک کی حقیقی سیاسی جماعت صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے مجھے سینیٹ جیسے اعلیٰ ترین ایوان میں بھیج کر نہ صرف سندھ کی قدیم اور اصل وارث کولہی برادری بلکہ دیگر اقلیتی برادریوں کے بھی دل جیت لئے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کولہی برادری جوکہ انتہائی غریب اور پسماندہ ہے کو دوسری ترقی یافتہ برادریوں کے برابر لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گی اس کے لئے مجھے اپنی برادری کا تعاون درکار ہے انہوں نے کہا کہ کولہی برادری لیبر بانڈیڈ اور دیگر معاشرتی نا انصافیوں کا شکار ہے انتظامیہ بھی کولہیو ں کی داد فریاد نہیں کرتی مگر اب ایسا نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ وہ اپنی برادری میں خواندگی کی شرح بڑھانے پر فوکس کریں گی کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی سینیٹر کرشنا کماری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ سندھ کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف سینیٹ میں بھرپور طریقے سے آواز اٹھائیں گی سندھ کو اس کے حصے کے پانی سے محروم رکھنے کا معاملہ بھی سینیٹ میں اٹھایا جائے گا انہوں نے کہا کہ وہ اقلیتی برادری کے ساتھ ساتھ سندھ کی دیگر برادریوں کی بھی بلا امتیاز خدمت کریں گی اس موقع پر ویرجی کولہی، محمد رمضان بھوئنریو،کامریڈ کرشن کولہی، چنوں کولہی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اس سے قبل ان کا پنگریو پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔