سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے اہم ویڈیو ریکارڈ ہائیکورٹ میں جمع کرواد یں گی: خرم نواز گنڈ اپور

منظور پشین کا جلسہ کس نے خراب کیا نواز شریف یہ معلومات اپنے بھائی سے لیں: سیکرٹری جنرل PAT

پیر 23 اپریل 2018 20:38

سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے اہم ویڈیو ریکارڈ ہائیکورٹ میں جمع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پنجاب میں نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف وزیر اعلیٰ ہیں۔منظور پشین کے جلسے میں سیوریج کا پانی کس نے چھوڑا یہ زیادتی کس نے کی اس کا جواب نا اہل نواز شریف زیادتی قرار دینے کی ڈرامہ بازی کر کے کس کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں۔

میئر لاہور بھی نواز شریف کا منظور نظر ہے اور ڈی سی او لاہور بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کو جوابدہ ہے جلسہ ناکام بنانے کی کس نے کوشش کی یہ حقائق منظر عام پر آنے چاہئیں۔وہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے رٹ پٹیشن لاہورہائیکورٹ کا فل بنچ سن رہا ہے۔

(جاری ہے)

بنچ نے سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے ویڈیوزمانگی ہیں جو ہم آج ریکارڈ میں جمع کروا دیں گے۔

نواز شریف اور شہباز شریف و دیگر ملزمان کی طلبی کیلئے ہمارے پاس تسلی بخش ثبوت اور شہادتیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو بھی طلب کیا گیا ہے جو گزشتہ روز غیر حاضر تھے۔خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ نا اہلی اور غفلت کے مرتکب 23نیب آفیسرز کو فارغ کرنے کا اقدام خوش آئند ہے یہ فیصلہ احتساب کے عمل میں سنجیدگی ظاہر کرتا ہے،شریفوں کے حواری ابھی مختلف اہم جگہوں پر موجود ہیں۔فیئر اینڈ فری احتساب کیلئے انہیں عہدوں سے الگ کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح چیف جسٹس کا اہلیت نہ ہونے کے باوجود تعینات ہونے والے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو فارغ کرنے کا اقدام بھی مستحسن ہے اس سے میرٹ کے کلچر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔