آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ 2 میں پی پی سی کنگز کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پیر 23 اپریل 2018 20:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) آر ایم آئی ، خیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹریٹ ،ٹاپ اپ واٹر کمپنی اور ٹریفک وارڈن پولیس کے باہمی اشتراک اور پشاورپریس کلب کے زیراہتمام آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ 2 میں پی پی سی کنگز کی ٹیم نے اپ سیٹ کرتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،اس موقع پر سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ان کے ہمراہ آر ایم آئی کے سجاد خان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، حسین شہید سیکنڈری سکول میں جاری کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روزلیگ کا پہلا کوآرٹر فائنل پی پی سی کنگز اور پی پی سی قبائلز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں پی پی سی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10اوورزمیں 6وکٹوں کے نقصان پر92رنز بنائے ، کنگز کے وقار نے 36اورزاہد نے 29رنز کی شاندار ایننگ کھیلی، قبائلز کی جانب سے بلال نے 3جبکہ قاری ضیاء نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پی پی سی قبائلز کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد ناکام رہی اور 4وکٹوں کے نقصان پر88رنز بناپائی جس میں محمد علی شیخ نے 45جبکہ بلال نے 34رنز بنائے ، پی پی سی کنگز کی جانب سے وقار نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، پی پی سی کنگز نے میچ 4وکٹوں سے جیت لیا ، میچ کے آخر میں مہمان خصوصی سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ نے ٹاپ اپ واٹر کمپنی کی جانب سے مین آف دی میچ کھلاڑی وقار احمد کو کیش انعام اور آرایم آئی کا میڈل پیش کیا، ٹورنامنٹ میں آج ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا ہے جو کہ 25اپریل بروز بدھ کو صبح آٹھ بجے منعقد ہوگا۔