شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع

پیر 23 اپریل 2018 20:00

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے ۔ رواں ماہ 9 اپریل بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایک پروگرام کے دوران انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے بچے کا نام طے کرلیا ہے۔ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے پاکستانی شوہر شعیب ملک چاہتے ہیں کہ ان کے ہاں پہلی بیٹی پیدا ہو، تاہم ان کے ہاں جو بھی بچہ پیدا ہوگا، انہوں نے ان کا نام طے کرلیا ہے۔

ثانیہ مرزا نے بتایا تھا کہ دونوں میاں بیوی نے طے کیا ہے کہ ان کے بچے کے نام کے آخر میں مرزا ملک لگایا جائے گا، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ بچہ دونوں خاندانوں کے نام آگے بڑھائے گا۔ثانیہ مرزا کی جانب سے امید سے ہونے سے پہلی ہی بچے کے نام طے کیے جانے کی بات کیے پر ہی یہ چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں تھیں کہ وہ امید سے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اب ثانیہ مرزا اور ان کے شوہر شعیب ملک نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں بچوں کے کپڑے اور دیگر چیزیں دکھائی گئی ہیں اور اس تصویر میں مرزا ملک لکھا ہوا نظر آ رہا ہے۔

دونوں نے تصویر کو کیپشن دیے بغیر ہی شیئر کیا، تاہم ثانیہ مرزا نے لکھا کہ بے بی مرزا ملک۔ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے بیک وقت ایک ہی تصویر شیئر کیے جانے، اس میں بچوں کے کپڑے اور دیگر چیزیں دکھائے جانے اور اس میں مرزا ملک کے الفاظ لکھے ہوئے دکھائی دینے سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 8 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیل کھیلتے ہیں۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے شادی کے بعد ابتدائی طور پر کئی ماہ تک دبئی میں رہائش اختیار کی تھی، اگرچہ دونوں زیادہ تر مصروفیات کی وجہ سے الگ رہتے ہیں، تاہم دونوں وقتا بوقتا ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ بھی کرتے ہیں۔